ایل او سی: ہندوستانی فوج کی فائرنگ، 3 پاکستانی فوجی شہید

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 3 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، شہید ہونے والوں میں کیپٹن تیمور علی، حوالدار مشتاق حسین اور لانس نائیک غلام حسین شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 7بھارتی فوجی بھی ہلاک ہوئے۔ قبل ازیں آج صبح لائن آف کنٹرول کے قریب ہندوستانی فورسز کی شدید فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں بھی 10 شہری جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے۔

وادی نیلم کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) جمیل میر کے مطابق، 'وادی نیلم کے علاقے لوات میں ہندوستانی فورسز نے ایک مسافر بس کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 9 مسافر جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے'۔

فائرنگ کا نشانہ بننے والی کوسٹر مظفرآباد جارہی تھی۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز ہندوستانی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک اپنے 3 فوجیوں کی ہلاکت تسلیم کی تھی۔

ہندوستانی فوج کی ٹوئٹ میں اس کارروائی پر شدید ردعمل دینے کا عندیہ دیا گیا تھا تاہم بھارتی فوج نے یہ نہیں بتایا تھا کہ یہ حملہ کس نے کیا، جبکہ فوجیوں کی ہلاکت کے حوالے سے بھی کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی تھیں۔

install suchtv android app on google app store