بھارت نے رواں سال 222 مرتبہ فائر بندی کی خلاف ورزی کی

بھارت نے رواں سال آزاد جموں کشمیر میں عارضی حد بندی (لائن آف کنٹرول) اور ورکنگ باؤنڈری پر فائر بندی کی 222 مرتبہ خلاف ورزی کی ہے جو کہ درجنوں شہری شہید و زخمی ہوئے۔

بدھ کو وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق اسلام آباد میں ڈپٹی بھارتی ہائی کمشنر کو ایک بار پھر دفتر خارجہ طلب کر کے ان سے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر کھوئی رتہ اور بٹل سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ پر پاکستان کا احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔

بیان کے مطابق فائر بندی کی اس خلاف ورزی میں ایک خاتون اور ایک دس سالہ بچی سمیت چار شہری شہید ہوئے اور سات دیگر زخمی ہوئے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے جنوبی ایشیا اور سارک نے بھارتی سفارتکار پر زور دیا کہ بھارت 2003ء کے فائربندی معاہدے کا احترام کرے، ان خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے اور بھارتی فورسز کو ہدایت کی جائے کہ وہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا بند کرے اور لائن آف کنٹرول پر امن کو برقرار رکھے۔

بیان کے مطابق رواں سال اب تک لائن آف کنٹرول پر 184 مرتبہ اور ورکنگ باؤنڈری پر 38 مرتبہ بھارت کی جانب سے مبینہ طور پر فائر بندی کی خلاف ورزی کی گئی جس کے نتیجے میں اب تک 26 شہری شہید اور 107 زخمی ہو چکے ہیں۔

install suchtv android app on google app store