عمران خان کی مکمل منی ٹریل عدالت میں جمع کرادی، فواد چوہدری

عمران خان کی مکمل منی ٹریل عدالت میں جمع کرادی، فواد چوہدری عمران خان کی مکمل منی ٹریل عدالت میں جمع کرادی، فواد چوہدری

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی 6 لاکھ 72 ہزار پاؤنڈ کی منی ٹریل مکمل ٹرانزیکشن کے ساتھ عدالت میں جمع کرادی گئی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کا مقدمہ قسط وار چل رہا ہے اس لیے دستاویزات بھی قسط وار لارہے ہیں، جج صاحبان بڑی باریک بینی سے آڈٹ کررہے ہیں، جب جج صاحبان نیا سوال کرتے ہیں تو کاغذات کے لیے ہمیں تگ و دو کرنی پڑتی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اس سلسلے کا آخری حصہ مکمل ہوگیا، عمران خان کی 6 لاکھ 72 ہزار پاؤنڈ کی منی ٹریل مکمل ٹرانزیکشن کے ساتھ عدالت میں جمع کرادی گئی ہے اور اب اس مقدمے کا تقریباً اختتام ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیازی سروسز عمران خان کی ملکیت نہیں اور نہ ہی عمران خان اس کے ایک بھی شیئر کے مالک ہیں، نیازی سروسز میں تین مختلف کمپنیاں ہیں جس میں سے عمران خان کا صرف ایک اپارٹمنٹ تھا جسے بیچ کر پیسہ پاکستان لایا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جو لوگ کہتے ہیں نوازشریف اور عمران خان کے کیس ایک جیسے ہیں تو وہ دیکھ لیں کہ نوازشریف کا کیس 16 کمپنیوں اور 300 ارب کے گرد گھوم رہا ہے اور عمران خان کی 41 سال کی ٹوٹل منی ٹریل 6 لاکھ 72 ہزار پاؤنڈ ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں نواز شریف نااہل ہوئے تو عمران خان اور جہانگیر ترین سمیت سب نااہل ہوجائیں تاکہ نوازشریف کی نااہلی کا دکھ کچھ کم ہو، عمران خان ایک دن بھی ملک کے وزیراعظم یا وزیراعلیٰ نہیں رہے جب کہ نوازشریف ساڑھے 9 سال وزیراعظم، 5 سال وزیراعلیٰ اور وزیر خزانہ بھی رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پروفیشنل کرکٹر تھے اب اگر یہ ثابت کرنا پڑے کہ انہوں نے کرکٹ کھیلی اور اس سے پیسے کمائے تو ان بونگیوں کا جواب نہیں دیا جاسکتا، (ن) لیگ کی بونگیوں کی داستان رقم ہے، کس طرح ان کے قطری خط نکلے وہ سب کے سامنے ہیں۔

install suchtv android app on google app store