دہشتگردی کیخلاف کامیابیاں حاصل کیں، امریکی میڈیا حقیقی صورتحال نہیں دکھا رہا: وزیراعظم

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا  پاکستان امریکا بزنس کونسل سے خطاب فائل فوٹو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا پاکستان امریکا بزنس کونسل سے خطاب

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عالمی میڈیا پاکستان کی صحیح صورتحال نہیں دکھارہا، پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں، پاک امریکا تعلقات میں اتارچڑھاؤآتارہتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان امریکا بزنس کونسل سے خطاب اور بعد ازاں سی این این کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ 2013میں جب نواز لیگ نے حکومت سنبھالی تو حالات مختلف تھے،4 سال میں توانائی کے شعبے میں بہت سے اقدامات کئے۔

آج پاکستان میں شرح نمو5.3 فیصد پر پہنچ چکی ہے، توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے، توانائی شعبے میں دس ہزارمیگاواٹ کا اضافہ کیا ہے، پاکستان اسٹاک ایکس چینج دنیاکی بہترین مارکیٹوں میں سےایک ہے،2030 میں پاکستان دنیا کی20 ویں بڑی معیشت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی نیو یارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں، مختلف امور پر بات چیت

اس کے علاوہ پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ڈیموں کی تعمیر کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے متعلق امریکی حکومت کے ساتھ مل کرکام کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ سرمایہ داروں کے لئے پاکستان میں ماحول سازگار ہے، امریکی کمپنیاں پاکستان میں معاشی مواقع سے فائدہ اٹھائیں، امید ہے پاکستان امریکا بزنس کونسل کا تعاون جاری رہے گا۔

علاوہ ازیں شاہد خاقان عباسی نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورامریکا کی 70 سال کی پرانی دوستی ہے، پاکستان اور امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتحادی ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔

مزید جانئیے: ایران اور پاکستان کا تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

دہشت گردی کے خاتمےکیلئے امریکا کے ساتھ مل کرکام کرنا چاہتے ہیں، پاکستان اور امریکا کا دشمن مشترکہ ہے، پاک امریکا تعلقات میں تبدیلی کا نہیں سوچا، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی اور بہت قربانیاں دیں ہیں، آج بھی پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہے، دہشت گردی ہر کسی کے لئے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے لئے خطرہ ہے، بھارت کےخلاف ہم نےتین جنگیں لڑیں، ہم نے بھارتی خطرے کے جواب میں نیوکلیئر بم بنایا۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کو جوہری تجربوں سے متعلق ذمہ دارانہ رویہ اپنانا چاہئے، واضح کردیں کہ شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام میں پاکستان نے کوئی تعاون نہیں کیا۔

 

install suchtv android app on google app store