پیپلز پارٹی کی سی سی آئی کی تشکیل نو کے لیے سینیٹ میں تحریک التوا

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کی تشکیل نو کے خلاف سینیٹ سیکریٹریٹ میں تحریک التوا جمع کرا دی۔ تحریک التوا سینیٹر سحر کامران کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

تحریک میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کو مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کا اختیار نہیں اور یہ اختیار صدر کا ہے، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سی سی آئی کی تشکیل نو کر کے آرٹیکل 153 کی خلاف ورزی کی۔

تحریک التوا میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب کے 4 ارکان کو کونسل کا رکن بنایا گیا جس سے چھوٹے صوبوں کا احساس محرومی بڑھے گا۔

تحریک میں سی سی آئی کی تشکیل نو پر سینیٹ کی کارروائی ملتوی کر کے معاملے پر بحث کرانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے چند روز قبل مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کی گئی تھی، جس میں صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے اراکین کی تعداد کم کر کے ایک، ایک کردی گئی تھی۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے تحت کونسل میں چاروں صوبوں کے دو، دو اراکین شامل تھے۔

install suchtv android app on google app store