اسپیکر قومی اسمبلی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ کیخلاف ریفرنس دائر کردیا

جسٹس آصف سعید کھوسہ فائل فوٹو جسٹس آصف سعید کھوسہ

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاناما بنچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کردیا۔

حکومت نے عدلیہ کیخلاف باضابطہ محاذ آرائی کا آغاز کردیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج اور پاناما بنچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کیخلاف 5 صفحات پر مشتمل ریفرنس دائر کردیا۔

دائر ریفرنس میں اسپیکر اسمبلی نے موقف اختیار کیا کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پاناما کیس کے اپنے فیصلے میں کہا کہ اسپیکر نے اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کیں اور اسپیکر کے ذمہ داری ادا نہ کرنے کی وجہ سے پاناما کیس سے متعلق درخواستوں کو قابل سماعت قرار دیا۔

ایاز صادق ریفرنس میں کہا گیا کہ اسپیکر کو وزیراعظم کا وفادار قرار دینا حقائق کے منافی ہے، اسپیکر ایوان کے ووٹوں سے منتخب ہوئے، اسپیکر کا دفتر کوئی تحقیقاتی ادارہ نہیں، سپریم کورٹ نے دس ماہ تک درخواستوں پر سماعت کے بعد فیصلہ سنایا، اسپیکر کا اس حوالے سے کوئی کردار نہیں تھا۔

دوسری جانب سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ریفرنس کو عدلیہ کے خلاف سازش قرار دے دیا۔ سیکرٹری سپریم کورٹ بار آفتاب باجوہ نے کہا کہ عدلیہ کے خلاف کسی قسم کی محاذ آرائی قبول نہیں، سپریم کورٹ کے جج معزز ہیں اور سپریم کورٹ بار عدلیہ کے ساتھ ہے۔

واضح رہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے ذرائع نے تاحال ریفرنس دائر ہونے کی تصدیق نہیں کی۔

install suchtv android app on google app store