پاکستان خطے میں اہم شراکت دار ہے، امریکی لیفٹننٹ جنرل مائیکل گیریٹ

لیفٹننٹ جنرل مائیکل گیریٹ لیفٹننٹ جنرل مائیکل گیریٹ

امریکا کی آرمی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈنگ جنرل لیفٹننٹ جنرل مائیکل گیریٹ نے اپنے پہلے دورہ پاکستان کے دوران کہا کہ پاکستان خطے میں امریکا کے اہم شراکت داروں میں سے ایک ہے اور ان کا دورہ دونوں ملکوں اور افواج کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں اہمیت رکھتا ہے۔

امریکا کی آرمی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈنگ جنرل لیفٹننٹ جنرل مائیکل گیریٹ کی قیادت میں 6 رکنی وفد نے رواں ہفتے پاکستان کا تین روزہ دورہ کیا، یہ امریکی جنرل کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

اسلام آباد میں قیام کے دوران لیفٹننٹ جنرل مائیکل گیریٹ نے وفد کے ہمراہ آرمی جنرل ہیڈ کوارٹرز میں پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف، ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری ٹریننگ اور ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز سے ملاقاتیں کی۔

مائیکل گیریٹ نے ڈائریکٹر جنرل آف جوائنٹ اسٹاف اور ڈائریکٹر جنرل آف جوائنٹ ویلفیئر اینڈ ٹریننگ سے بھی ملاقات کی اور آپریشنز، تربیت اور دیگر شعبوں میں امریکا اور پاکستان کے درمیان فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی جنرل نے پنجاب میں پبی کے مقام پر انسداد دہشت گردی کے قومی تربیتی مرکز کا بھی دورہ کیا۔

تربیتی مرکز کے دورے کے دوران سینٹر کے ڈائریکٹر نے وفد کو دہشت گرد گروپوں کا مقابلہ کرنے کے لیے فوجیوں کی تربیت سے متعلق پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

لیفٹننٹ جنرل مائیکل گیریٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دورہ کرنا ان کے لیے ایک منفرد اعزاز تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امریکا کے اہم شراکت داروں میں سے ایک ہے اور ان کا دورہ دونوں ملکوں اور افواج کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں اہمیت رکھتا ہے۔

امریکا کی آرمی سینٹرل کمانڈ بنیادی طور پر فوجی سطح کے معلوماتی تبادلوں، علاقائی کانفرنسوں اور کثیر الطرفہ اور دوطرفہ مشقوں کے ذریعے پاکستان کی فوجی قیادت اور اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔

ان سرگرمیوں سے دونوں ممالک کو خطے میں انسداد دہشت گردی کے اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری شراکت قائم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

install suchtv android app on google app store