پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کا اعلان

  • اپ ڈیٹ:

بھارت میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے وزیر اعظم نواز شریف کو اپنی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کے لیے درخواست بھجوائی جسے منظور کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ میں کئی سینئر و قابل سفارتکاروں اور افسران کو نظر انداز کر کے جونیئر افسر تہمینہ جنجوعہ کی بطور سیکریٹری خارجہ تعیناتی کے معاملے پر سینیئر ترین سفارت کار عبد الباسط نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔ تہمینہ جنجوعہ کی بطور سیکریٹری خارجہ تعیناتی پر عبد الباسط خان، غالب اقبال اور ابرار حسین سمیت کئی سینیئر سفارتکاروں کو تحفظات تھے۔

فارن سروس پاکستان کے سینیئر ترین افسر عبدالباسط اس وقت بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ عبدالباسط یکم اگست کو ریٹائر ہو جائیں گے حالانکہ انہیں اپریل 2018 میں ریٹائر ہونا تھا۔

ترکی میں تعینات پاکستانی سفارتکار سہیل محمود نئی دہلی میں عبدالباسط کی جگہ پاکستان کے نئے ہائی کمشنر کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔ یاد رہے کہ عبد الباسط نے بطور سفارت کار واپسی کے بعد جونیئر افسر کی سربراہی میں کام کرنے سے معذرت کر لی تھی، تاہم اب انہوں نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی۔

ذرائع کے مطابق ماضی میں بھی عبد الباسط کی حق تلفی کرتے ہوئے اعزاز احمد چوہدری کو سیکریٹری خارجہ امور تعینات کیا گیا تھا، جبکہ مبینہ طور پر عبد الباسط خان کو آئندہ سیکریٹری خارجہ تعینات کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

بعد ازاں تہمینہ جنجوعہ کو سیکریٹری خارجہ تعینات کر دیا گیا جو کہ سینارٹی کے اعتبار سے عبدالباسط سے کافی جونئیر ہیں۔ تہمینہ جنجوعہ کو رواں سال فروری میں وزیر اعظم نواز شریف نے سیکریٹری خارجہ مقرر کیا تھا۔

اس سے قبل وہ جنیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہی تھیں۔

install suchtv android app on google app store