بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی رواں ماہ تیسری بار طلبی

  • اپ ڈیٹ:

بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق جنوبی ایشیا اور سارک کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور 21 جولائی کو لیپا سیکٹر میں بھارتی فوج کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ پر احتجاج کیا، جس کے نتیجے میں گھی کوٹ گاؤں میں ایک بارہ سالہ لڑکا جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

گزشتہ چار روز کے دوران بھارتی افواج کی جانب سے فائر بندی کی یہ تیسری خلاف ورزی تھی۔

رواں سال بھارت لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر فائربندی کی 618 بار خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت اور انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت پر زور دیا کہ وہ 2003 کے فائر بندی معاہدے کا احترام کرے، فائر بندی کی خلاف ورزی کے واقعات کی تحقیقات کرے، اپنی افواج کو فائربندی کا اس کی اصل روح کے مطابق احترام کرنے کی ہدایت کرے اور لائن آف کنٹرول پر امن برقرار رکھے۔

انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔

install suchtv android app on google app store