صدر اور وزیراعظم کی عیدالفطر کے موقع پر قوم کومبارکباد

صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نوازشریف صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نوازشریف

صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نوازشریف نے عید الفطر کے موقع پر عالم اسلام اور اہل پاکستان کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ عید پر دہشت گردی کے شکار پاکستانیوں کو یاد رکھا جائے۔

اپنے اپنے پیغامات میں انہوں نے کہا کہ رواں سال عیدالفطر سادگی سے منائی جائے گی تاکہ سانحہ احمد پور شرقیہ اور پار ا چنار ،کوئٹہ اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات کے سوگوار خاندانوں سے یکجہتی کااظہار کیا جاسکے، صدرنے قوم سے بھی اپیل کی ہے کہ ا ن المناک واقعات کے پیش نظر عید سادگی سے منائی جائے۔

اپنے پیغام میں صدر نے زور دیا کہ عیدالفطر کے موقع پر دور جدید کے مسائل کے تناظر میں اسلامی تعلیمات کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تعلیمات سے ہمیں نہ صرف وطن عزیز بلکہ پوری دنیا میں امن ہم آہنگی اور محبت کے فروغ میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں اتحاد کے فروغ پر زور دیا تاکہ ان عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جاسکے جو معاشرے میں نفرت اورانتشار کے بیج بونے اور پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔

پار ا چنار، کوئٹہ اور کراچی میں دہشت گردی کے افسوسناک واقعات پر گہرے دکھ کااظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان دلخراش واقعات پر پورے ملک کی فضا سوگوار اور افسردہ ہے۔

وزیراعظم نے علماء کرام پر زوردیا کہ وہ اپنے خطبات میں جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے مذہب کے نام پر پھیلائی جانے والی دہشت اور خوف کی مذمت کریں ، انہوں نے محبت اور مثبت سوچ پر مبنی اسلام کے حقیقی پیغام کے فروغ کی اہمیت واضح کی۔

نواز شریف نے کہا کہ اس عظیم موقع پر ہمیں اپنے مقبوضہ کشمیر کے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جن کے دل پاکستانی قوم کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے۔

وزیراعظم نواز شریف نے علما ئے کرام سے بھی گزارش کی کہ وہ عید کے خطبات میں امن اور بھائی چارے کا درس دیں اور لوگوں کوان جرائم پیشہ افراد کی حقیقت بتائیں جو بر بریت کے لیے مذہب کا نام استعمال کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کے حوصلے کو خراج ِتحسین پیش کرتے ہوئے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ایسے اسباب پیدا کرے کہ کشمیری بھی آزاد قوم کی طرح عید منا سکیں جب کہ مذہبی رسوم کی ادائیگی ہر انسان کا بنیادی حق ہے اورکشمیریوں کو اس حق سے محروم کیا جا رہا ہے جس پر اقوامِ متحدہ کو نوٹس لینا چاہیے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہاکہ عید الفطرکے اس مسرت بھرے موقع پر میں عالم اسلام کو بالعموم اوراہل پاکستان کو بالخصوص دل کی گہرائی سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور بارگاہ باری تعالیٰ میں دست بہ دعا ہوں کہ یہ مبارک موقع وطنِ عزیز، اہلِ وطن اور عالم اسلام کے لیے خیروبرکت اور باہمی اتحاد کا باعث ہو۔انھوں نے کہاکہ یہ دن ہمیں باہمی رنجشیں اور کدورتیں ختم کر کے بھائی چارے کے فروغ کا درس دیتا ہے، ہمیں یہ نیک کام انفرادی سطح پر بھی کرنا ہے اور اجتماعی سطح پر بھی تاکہ پوری قوم یک جان ہوکر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ ان مبارک ساعتوں میں رب کعبہ کے حضور دُعاگو ہوں کہ وہ وطنِ عزیز کو امن و ترقی کا گہوارہ بنائے اور ہمیں ہمیشہ اپنی نعمتوں سے نوازتا رہے۔

install suchtv android app on google app store