این ڈی ایس اور ’’را‘‘ دہشت گردوں کی سرپرست ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کہتے ہیں پاکستانی قربانیاں تسلیم نہ ہونا بدقسمتی ہے، انہوں نے افغانستان سے دہشت گردی ختم کرنے کا مطالبہ بھی کردیا۔
کوئٹہ، کراچی اور پارا چنار میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد راولپنڈی میں آرمی چیف کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی سکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے ڈو مور کے مطالبے کی بجائے اب افغان مسئلے کے دوسرے فریق مزید اقدامات کریں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے تانے بانے افغانستان میں موجود دہشت گردوں سے ملتے ہیں جنہیں این ڈی ایس اور را کی سرپرستی حاصل ہے۔
پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے انتہاء قربانیاں دیں لیکن بدقسمتی سے ہماری قربانیوں کو تسلیم نہیں کیا جاتا، ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے اور اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔