13 غیر ملکی این جی اوز کی پاکستان میں کام کرنے کی درخواست مسترد: وزارت داخلہ

چوہدری نثار علی خان چوہدری نثار علی خان

وزارت داخلہ نے مزید 13 بین الاقوامی غیر سرکاری اداروں (این جی اوز) کو پاکستان میں کام کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ وزارت داخلہ کے اس انکار کے بعد پاکستان میں کام کرنے کی اجازت سے محروم غیر ملکی این جی اوز کی تعداد 23 ہوگئی۔

پاکستان میں نئی پالیسی اور طریقہ کار کے تحت کام کرنے والی غیر ملکی این جی اوز کی تعداد 73 ہو گئی جبکہ اب بھی زیر التواء درخواستوں کی تعداد 20 ہے۔

امید ظاہر کی جارہی ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے دی جانے والی 31 جولائی کی ڈیڈ لائن تک زیر التواء درخواستوں کے معاملات کو بھی جلد حل کر لیا جائے گا۔

چوہدری نثار علی خان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں 23 غیر ملکی این جی اوز کو ان کی ماضی میں کارکردگی اور منصوبوں یا پھر ان اداروں کی اپنے دائرہ کار سے ہٹ کر کام کرنے کے پیش نظر پاکستان میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اس اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، ایڈووکیٹ جنرل، چیئرمین نادرا، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل سمیت ان اداروں کے سینیئر اہلکاروں نے شرکت کی جس میں تمام افراد نے بین الاقوامی این جی اوز کے اندراج کے عمل کو مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی این جی اوز کی رجسٹریشن کا معاملہ ملکی سالمیت کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی این جی اوز کے لیے قوانین اور ان کی رجسٹریشن ایک اہم کامیابی ہے جو نہ صرف پاکستان میں موجود ان این جی او کے کام کرنے کے نظام میں شفافیت لائے گی بلکہ اس سے حکومت اور غیر حکومتی شعبوں کے تعلقات میں بھی بہتری آئے گی۔

انہوں نے ان بین الاقوامی این جی اوز کو پاکستان میں رجسٹریشن کے کامیاب عمل میں تعاون کو بھی سراہا۔

چوہدری نثار نے وزارت داخلہ کو ہدایت جاری کی کہ ایسی غیر ملکی این جی اوز جو رجسٹریشن حاصل نہیں کر سکی ہیں انہیں اس فیصلے پر وزارت میں ایک اپیل کرنے کا حق دیا جانا چاہیے۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ رجسٹریشن کے عمل کی تکمیل کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے منظور شدہ اور غیر منظور شدہ بین الاقوامی این جی اوز اور ان کے ماضی کے منصوبوں کی تفصیلات کو وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر شائع کیا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store