ملک بھر میں حضرت علی علیہ السلام کا یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

کراچی میں یوم علی  علیہ السلام کا مرکزی جلوس فائل فوٹو کراچی میں یوم علی علیہ السلام کا مرکزی جلوس

حضرت علی علیہ السلام  کا یومِ شہادت آج ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سےمنایا جا رہا ہے۔ مختلف شہروں میں ماتمی جلوسوں کی بر آمدگی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

کراچی

کراچی میں یوم علی کا مرکزی جلوس دن ایک بجے نشتر پارک سے بر آمد ہوا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

ملک بھر میں یوم شہادت حضرت علی نہایت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔ کراچی میں یوم علی کے مرکزی جلوس کا آغاز دوپہر ایک بجے ہوا۔

مرکزی جلوس نشتر پارک سے بر آمد ہوا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کھارادرحسنیاں ایرانیاں امام بارگاہ پراختتام پذیر ہوگا۔

سندھ حکومت کی جانب سے یوم علی کے لئے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

مزید جانئیے: یوم حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

شہر میں یوم علی کی مناسبت سے 834 مجالس اور 122جلوس برآمد ہونگے۔

لاہور

لاہور میں بھی یوم علی کی مناسبت سے مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہوگیا ہے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کراختتام ہوگا۔

جلوس کے راستے پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ مرکزی جلوس میں کثیر تعداد میں عزادار شریک ہیں۔

لاہور ٹریفک پولیس نے یوم علی کے جلوس کے موقع پر ٹریفک پلان ترتیب دے رکھا ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق جلوس کے باعث آزادی فلائی اوورکی جانب سے بھاٹی چوک آنے والی گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے میلاد چوک سے اندرون دہلی گیٹ کی جانب آنے والی گاڑیوں، ٹرن شاہی قلعہ کی جانب سے ٹیکسالی چوک جانے والے تمام روڈ بند کردئیے گئے ہیں۔

ملتان

ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی یوم علی بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ پہلا مرکزی ماتمی جلوس چاہ بوہڑ والا کاشانہ حیدر امام بارگاہ سے برآمد ہوچکا ہے۔ ملتان پولیس نے یوم علی کے حوالے سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔

گلگت

ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح گلگت میں بھی  یوم علی کا مرکزی جلوس مرکزی امامیہ جامع مسجد سے برآمد ہوا اورگلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کی جانب سے یوم علی کے لئے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

 

21 رمضان المبارک، شہادت حضرت علیؑ

 بہ کعبہ ولادت بہ مسجد شہادت۔۔ مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام انیس رمضان المبارک کی مسجد میں صبح فجر کی نماز میں مصروف تھے کہ ابن ملجم مرادی نے زہر میں بھجی تلوار سے سرمبارک پر وار کر کے آپ کو شدید زخمی کیا، آپ علیہ السلام اکیس رمضان المبارک کو شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔

حضرت علی علیہ السلام تاریخ اسلام میں شجاعت و علم کا وہ درخشندہ باب ہے جو تمام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ شب ہجرت آپ کو رسول خدا نے اپنے بستر مبارک پر سلا کر خود مدینہ ہجرت کی۔ اور مواخات مدینہ کے موقع پر آُپ ﷺ نے فرمایا۔ اے علی تم دنیا و اخرت میں میرے بھائی ہو۔۔ آپ ﷺ کا ارشاد گرامی ہے کہ حق علی کے ساتھ ہے اور علی حق کے ساتھ۔۔

نبی کریم ﷺ نے حضرت علی علیہ السلام کو شہر علم قرار دیا۔۔ خطبہ جج الوداع کے موقع پر مقام غدیر کے مقام پر فرمایا کہ من کنت مولا فہذا علی مولا۔۔ جس جس کا میں مولا ہوں اس اس کا علی مولا ہیں۔

انیس رمضان سن چالیس ہجری کوعبدالرحمان ابن ملجم نامی شخص نے مسجد کوفہ میں نماز فجر کے وقت وار کرکے حضرت علیؑ کوشدید زخمی کردیا آپ علیہ السلام نے زخمی حالت میں فرمایا۔ رب کعبہ کی قسم آج علی کامیاب ہوگیا۔

بیسویں رمضان کو اپنے بیٹوں کو بلا کر آپ نے یوں وصیت فرمائی کہ میرے بدلے میں صرف میرا قاتل ہی قتل کیا جائے، اسے ایک ہی ضرب لگانا، ظالم کے دشمن اور مظلوم کے مدد گار رہنا۔ امر باالمعروف اور نہی عن النکر کو ترک نہ کرنا۔۔ اکیس رمضان المبارک کو خالق نہج البلاغہ شہادت کے رتبے پر فائض ہوئے۔

 

install suchtv android app on google app store