نام ای سی ایل میں ہونے کے باوجود پی آئی اے کے جرمن سی ای او بیرون ملک روانہ

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے جرمن قائمقام سی ای او برنڈ ہیلڈن برینڈ (Bernd Hildenbrand) بیرون ملک چلے گئے، ان کی رخصت کی منظوری بورڈ آف ڈائریکٹران اجلاس میں دی گئی تھی جبکہ ان کا نام ای سی ایل میں شامل تھا تاہم وزرات داخلہ نے 4مئی کو لیٹرنمبر12/36/2017 جاری کرتے ہوئے انھیں ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

پی آئی اے ذرائع کاکہنا ہے کہ جرمن برنڈہیلڈن نے چیئرمین پی آئی اے کوایک ماہ رخصت کی تحریری درخواست دی تھی جو منظورکرلی گئی تھی تاہم ان کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے پرانھیں وزارت داخلہ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ برانڈ ہیلڈن کی رخصت7مئی سے ایک ماہ کیلیے منظورکرلی گئی جس کے بعد ان کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ترکش ایئرلائن کے ذریعے وہ جرمن روانہ ہوگئے۔

پی آئی اے کے جرمن قائمقام سی ای اونے اپنے دور میں A 310طیارہ کوجرمن میوزیم میں انتہائی سستے قیمت پر فروخت کیا جبکہ A,320 لیز پر انتہائی مہنگی قیمت پر خریدا، ذرائع نے بتایا کہ نرنڈ ہیلڈن نے 8ہزار ڈالر فی گھنٹہ کے حساب سے طیارہ کولیز پر حاصل کیاتھا جبکہ یہی طیارہ پاکستان میں ایک نجی ایئرلائن نے 4ہزار ڈالر فی گھنٹہ کے حساب سے لیز پر حاصل کیا دوسری جانب انھوں نے پی آئی اے کے فضائی بیٹرے میں شامل A,310 کو گراؤنڈ کروادیا تھا جس سے قومی ادارے کو اربوں روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

قومی ایئرلائن میں ان کے دور میں مہنگی لیزپر لیے جانے والے طیارے اورقومی ادارے کا ایک طیارہ فروخت کیے جانے کے حوالے سے انکوائری بھی زیرسماعت ہے اس کے باوجود وفاقی حکومت نے انھیں بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی، برنڈ ہیلڈن کو قواعدکے برخلاف 2016 میں پی آئی اے کا قائمقام سی ای او مقررکیا تھا، اس سے قبل برنڈ ہیلڈن بھارت کی ایک نجی فضائی کمپنی میں ملازم تھے ، ان کے دور میں مختلف بین لااقوامی روٹس بھی بندکیے گئے جبکہ انھوں نے اپنے ملک جرمن کے شہر Lipzeg میں پروازیں شروع کرنے کی اجازت دی تھی۔

دریں اثنا پی آئی اے میں بیرون ملک اسٹیشن میں تعیناتیوں پر ایک بار پھر سیاسی تعیناتیوں کا سلسلہ شروع کر دیاگیا، معلوم ہوا ہے کہ بیرون ملک تعیناتیوں میں جونیئر افسر شیرعلی کو پی آئی اے امریکا اسٹیشن پر تعینات کرنے کی ہدایت جاری کردیں جبکہ بیرون ممالک سے متعدد افسران کو واپس بلایا جارہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ امریکا میں پی آئی اے کی ٹکٹ مینجر عائشہ سعد کو واپس بلایاجارہا ہے جبکہ بارسلونا سے کنٹری مینجر بلال نور کو بھی واپس بلانے کے احکام جاری کیے جارہے ہیں، دہلی میں واقع پی آئی اے کے بارکزئی کوبھی وطن طلب کیاجارہا ہے جبکہ اندرون ملک سے بھی خراب کارکردگی کرنے والے ملازمین کے تبادلوں کی تیاریاں کرلی گئی ہیں۔

install suchtv android app on google app store