حکومت نے چلڈرن انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے: مریم اورنگزیب

وزیراطلاعات ونشریات  مریم اورنگزیب فائل فوٹو وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب

اطلاعات ونشریات اور قومی ورثے کی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا پر بچوں کے لیے تفریحی مواد کو فروغ دینے اور اس حوالے سے منصوبہ بندی کے لیے جلد ہی ایک اتھارٹی کی بنیاد رکھی جائے گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات نے اس طرح کی اتھارٹی کے قیام کے لیے کام شروع کردیا ہے جس کو متوقع طور پر چلڈرن انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کا نام دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح کی ایک اتھارٹی کچھ عرصہ قبل بھارت میں بھی بنائی گئی تھی، تاہم اس میں بچوں کی تعلیم اور تفریح کے لیے مواد کی بہتری اور نظر رکھنے کے حوالے سے باقاعدہ نظم و ضبط نہیں ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 'ریاستی سرپرستی میں چلنے والے ٹیلی ویژن چینلز میں خاص پروگرام نشر کیے جائیں گے، جب ہم بچے تھے تو 'اقرا' جیسے پروگرام نشر ہوتے تھے جبکہ سہیل رانا کا پروگرام 'کلیوں کی مالا' کا تو کوئی جواب نہیں تھا'۔

ان کا مزید کہا کہ کچھ اشتہارات کو بھی بچوں کی نفسیات کو متاثر کرنے کے پیش نظر حذف کردیا گیا تھا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت، پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے چینلوں میں سے کسی ایک کو بچوں کے پروگراموں کے لیے مختص کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔

خیال رہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے الیکٹرانک میڈیا پر بچوں کے لیے دوستانہ مواد کی حوصلہ افزائی نہ کرنے پر حال ہی میں متعلقہ حکام پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے چیئرمین ابصار عالم نے کمیٹی کو بتایا تھا کہ نجی چینلز بچوں کے چینل کے لیے لائسنس حاصل کرنے میں دلچپسی نہیں لے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چند بین الاقوامی چینلوں نے پاکستان میں بچوں کے چینل کے لینڈنگ رائٹس کے حصول کے لیے پیمرا سے رابطہ کیا تھا۔

install suchtv android app on google app store