یوم پاکستان: شکر پڑیاں پریڈ ایونیو میں پاک فوج کی شاندار روایتی پریڈ

 مسلح افواج كی پریڈ فائل فوٹو مسلح افواج كی پریڈ

ملک بھر میں 77 واں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں خصوصی تقاریب کا سلسلہ جاری ہے۔

ملک بھر میں اس عزم کی تجدید کے ساتھ تقریبات ترتیب دی گئیں ہیں کہ انتہا پسند اور دہشت گرد قوتوں کوشکست دے کر ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے پوری لگن سے کام کیا جائے گا۔

یوم پاکستان کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد مسجدوں میں ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور امن کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

آج ملک بھر عام تعطیل ہے،جب کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں اس حوالے سے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔

یوم پاکستان کے موقع پر اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

آج سے 77 سال قبل 1940ء کو اس دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔

اسلام آباد میں یوم پاکستان کی پر وقار تقریب اور فوجی پریڈ

وفاقی دارالحکومت میں شکر پڑیاں کے مقام پر شاندار فوجی پریڈ کا مظاہرہ کیا گیا پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

ممنون حسین کی صدارتی بَگھی پر آمد

پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین صدارتی بَگھی پر پریڈ گراؤنڈ پہنچے، جہاں وزیر اعظم اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے ان کا استقبال کیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جس کے بعد صدر ممنون حسین نے جیپ میں سوار ہوکر مسلح افواج کے دستوں کا معائنہ کیا۔

فوجی پریڈ کی تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،سمیت دیگر مسلح افواج کے سربران، وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت اراکین پارلیمان اور دیگر رہنما اور مہمان شریک ہوئے۔

فوجی پریڈ کی مرکزی تقریب میں سب سے پہلے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پہنچے، جنہوں نے دیگر مہمانوں کے ساتھ وزیر اعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔

خصوصی فوجی پریڈ میں سعودی عرب، ترکی اور چین کے دستوں سمیت رینجرز،پولیس اور لیڈی اہلکار بھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گی، جب کہ چاروں صوبے کے ثقافتی دستوں نے پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

 ایئر چیف مارشل کا شاندار فلائی پاسٹ

ایئر چیف مارشل سہیل امان نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین کو سلامی دی۔

سہیل امان نے ایف 16 طیارہ میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

ایئر چیف مارشل کی جانب فلائی پاسٹ کے بعد پاک فضائیہ کے جے ایف تھنڈر طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

زمین دھرتی کے بیٹوں کے قدموں کی چاپ سے لرز اٹھی فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونجتی رہی

یوم پاکستان پریڈ میں پاک افواج اور مہمان فوج کے مسلح دستوں نے اتنے شاندار انداز میں پریڈ کرتے ہوئے سلامی دی کہ دیکھنے والوں کے دلوں پر دھاک بٹھا دی۔

بلند حوصلوں کی عکاسی کرتے نگاہ بلند۔۔۔۔ اٹھے ہوئے سر ، تنے ہوئے جسم کیساتھ پاک مسلح فوج کے چاکو چوبند دستوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا تو زمین سپاہ کے قدموں کی چا پ سے تھتھرانے لگی ۔

یوم پاکستان کی تقریب میں دھرتی کے نڈر بیٹوں ایس ایس جی کمانڈوز نے سلامی دی تو فضا اللہ اکبرکے فلک شگاف نعروں سے گونجنے لگی۔

نادرن لائٹ انفنٹری رجمنٹ پاک فضائیہ، فرنٹیئرکورکادستہ، پاکستان رینجرزپنجاب سمیت مختلف مسلح دستوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی دھاک بٹھائی۔

صدر مملکت کا فوجی پریڈ سے خطاب

صدرمملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج نےکرداراداکیا،عزم جویقین میں بدلااورتاریخ وجغرافیہ تبدیل ہو گئے۔

صدرمملکت ممنون حسین کو پریڈ گراؤنڈ پہنچنے پر پاک فضائیہ کےطیاروں نے سلامی پیش کی۔

صدرمملکت نے مرکزی تقریب سے خطاب میں یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان اوراستحکام پاکستان کیلئےشہداکوسلام پیش کرتےہیں، آج کا دن قوم کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے، چین کےدستےکی پریڈمیں شرکت ایک تاریخی واقعہ ہے۔

صدرممنون حسین کا کہنا تھا کہ ،ہم ہمسایوں کےساتھ امن و دوستی چاہتےہیں ، بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کررہا ہے،بھارت نے خطےکاامن خطرےمیں ڈال دیا، بھارت کےساتھ مذاکرات کے لئے تیارہیں۔

صدرممنون حسین کا کہنا تھا کہ کشمیرکی اخلاقی اورسفارتی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیرکواقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل کیاجائے دالفساد کےتحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہون نے کہا کہ پاکستان مضبوط اقتصادی طاقت کےطورپرابھررہاہے اقتصادی راہداری نےخطےکی ترقی کاراستہ کھول دیا، پاکستان دہشت گردی کےخلاف برسرپیکارہے۔

پاک فضائیہ کا شاندار فضائی مظاہرہ

پریڈ کے دوران پاک فضائیہ کے شیردل فارمیشن نے دلکش فضائی مظاہرہ کرکے حاضرین کے دل جیتے۔

مظاہرے کے دوران پاک فضائیہ کے طیاروں نے فضائوں میں لہراتے ہوئے رنگ بکھیرے اور پریڈ اوینیو سے باہر اور ہزاروں کلو میٹرز کی بلندی تک مظاہرہ کیا۔

شیر دل فارمیشن کے فضائی مظاہرے میں 6 طیارے شامل تھے، جنہوں نے ایک ساتھ اور علیحدہ علیحدہ آسمان کی بلندیوں میں مظاہرہ کیا۔

23 مارچ ہماری تاریخ کاناقابل فراموش دن: وزیر اعظم

وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج کا پاکستان جمہوری ہے جہاں عدلیہ اور میڈیا آزاد ہے, اللہ تعالیٰ پاکستان کو سلامت رکھے اور ترقی یافتہ مملکت بنائے.وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کے لیے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) جیسے تاریخ ساز منصوبوں پر کام جارہی ہے،3سال میں اقتصادی خوشحالی اور ترقی کیلئے یکسوئی سے پیشترفت ہوئی۔

نواز شریف نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام کو کھوئی ہوئی منزل کا سراغ مل گیا،دیانتدار قیادت میسر ہوتو ناممکن کو ممکن بنایاجاسکتا ہے۔

چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ثقافتی پریڈ

یوم پاکستان کی روایتی پریڈ کے دوران ملک کے چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی روایتی ثقافتی پریڈ بھی پیش کی گئی۔

چاروں صوبوں کی جانب سے پیش کی جانے والی ثقافتی پریڈ میں جہاں علاقائی ثقافت کو پیش کیا گیا، وہیں صوبے کے مشہور اور تاریخی جگہوں کے ماڈل بھی پیش کیے گئے۔

 آئی ایس پی آر کے نغمے پر بچوں کی پرفارمنس

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے تیار کردہ نغمے پر اسکول کے بچوں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے شائقین کے دل جیتے۔

بچوں نے پرفارمنس کے دوران چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سمیت گلگت بلتستان کے ثقافتی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے۔

یوم پاکستان: مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب

آج ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یوم پاکستان کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب منعقد کی گئی ہے۔

تقریب کے مہمان خصو صی پاک فضائیہ کے ایئر کمو ڈور سلمان محبوب ہیں۔ پنجاب رینجرز کے جوانوں نے مزار اقبال پر سلامی دی ہے۔

پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔

چین اور سعودی عرب کے دستوں کی سلامی

فوجی پریڈ میں سعودی عرب اور چین کے چاک و چوبند فوجی دستوں نے بھی سلامی دی۔

سب سے پہلے سعودی عرب کے فوجی دستے نے سلامی دی، جس کے بعد چین کے فوجی بینڈ نے پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، چینی قافلے میں بری و فضائی فوج کے اہلکار بھی شامل تھے۔

فوجی پریڈ میں چین اور سعودی عرب کی فوج کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں ترکی کے فوجی بینڈ ’مہتر‘ نے بھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، ترکی کے بینڈ نے اپنے روایتی لباس اور سازوں کے ساتھ سلامی دی۔

ترکی کے مہتر فوجی بینڈ کی بنیادی 1299 میں رکھی گئی تھی، اس بینڈ کا شمار دنیا کے قدیم ترین بینڈز میں ہوتا ہے۔

ترک بینڈ نے ’جیوے جیوے پاکستان‘ کی دھن پر پرفارمنس کی۔

install suchtv android app on google app store