افغانستان بھارت کو پاکستان کیخلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہ دے: نفیس ذکریا

 نفیس ذکریا نفیس ذکریا

دفترخا رجہ نے افغانستان سے کہا ہے کہ وہ بھارت کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہ دے۔

جمعرات کے روز اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں افغانستان کو بھارتی ہتھیاروں کی فراہمی کے بارے میں ایک سوال پر دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہاکہ یہ تعاون پاکستان کے لئے نقصان دہ نہیں ہونا چاہیے۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کو کشمیر کے مسئلے کے پرامن حل اورمقبوضہ کشمیر کے عوام کے خلاف بھارتی بربریت بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حالت زار کے بارے میں عالمی برادری کو احساس دلاتا رہاہے۔

ترجمان نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال کے تناظر میں پاکستان بھارت کو مذاکرات کی دعوت دے چکا ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مذاکرات کی میز پر کشمیر کا مسئلہ سرفہرست رہاہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نتیجہ خیز اور پائیدار مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا پرامن حل چاہتاہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے کشمیر کی بگڑتی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لئے اپنی تقریر میں بلوچستان کے بارے میں باتیں کہی۔

install suchtv android app on google app store