تحریک انصاف نے کامیابی کا دعویٰ کردیا

اسد عمر اسد عمر

رہنما تحریک انصاف اسد عمر کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں دھونس، دھمکی اور دھاندلی کے باوجود مسلم لیگ ن ہارچکی ہے،انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر نتائج تبدیل نہ ہوتے تو پی ٹی آئی کے حصے میں 23 نشستیں آتیں۔

وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کے دوران اسد عمر نے بلدیاتی انتخابات میں 7 یونین کونسلز کے انتخابی نتائج تبدیل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں 50 میں سے 16 نشستوں پر کامیاب ہو چکی ہےلیکن 7یونین کونسلز کے انتخابی نتائج رکے ہوئے ہیں،اگر ان 7 یونین کونسلز کے صحیح نتائج کا اعلان کردیا جائے تو تحریک انصاف 23 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لے گی۔ اسدعمر نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ سرکاری نتائج کا اعلان جلد سے جلد کر دیا جائے۔

کپتان کے کھلاڑی نے میئر اور ڈپٹی مئیر کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ میئر کیلئے کسی امیدوار کو خریدیں گے نہیں۔

اسد عمر نے حکومت اور الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پولیس بھی جانبداررہی لیکن دھونس، دھمکی اور دھاندلی کے باوجود مسلم لیگ ن بلدیاتی انتخابات میں ہارگئی۔ انہوں نے شیر کی طرح لڑنے پر تحریک انصاف کے امیدواروں کو مبارکباد بھی پیش کی۔

اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان مہم چلائیں تو قانون حرکت میں آجاتا ہے لیکن یہی کام وزیر کریں تو یہی قانون خاموش تماشائی بن جاتا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیاب تمام آزاد امیدواروں کا تعلق کھوکھر گروپ سے نہیں ہے۔

install suchtv android app on google app store