الیکشن کمیشن انٹرا پارٹی انتخٰابات اپنی نگرانی میں کروائے: سراج الحق

الیکشن کمیشن انٹرا پارٹی انتخٰابات اپنی نگرانی میں کروائے: سراج الحق سچ ٹی وی سکرین گریب

جماعت اسلامی کےامیر سراج الحق نے الیکشن کمیشن سے انٹرا پارٹی انتخٰابات اپنی نگرانی میں کروانے کا مطالبہ کردیا، سراج الحق کہتے ہیں کہ الطاف حسین کا جن بوتل سے باہر آگیا، حکومت بتائے کہ وہ اس معاملے پرکیا اقدامات کر رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی بعد ازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان پر لوگوں کے اعتماد کو بحال کرنے کی بات کی ہے، چیف الیکشن کمشنر سے کہاہے کہ وہ سیاسی جماعتوں کے اخراجات کی حدمقرر کریں اور تجاوز کرنیوالوں کےخلاف تادیبی کارروائی کی جائے، یکساں طور پر اخراجات کی حدمقرر کی جانی چاہیے ، سیاسی جماعت کو خاندانی وراثت نہیں ہونا چاہیے، الیکشن کمیشن کی نگرانی میں انٹراپارٹی الیکشن منعقد کرایا جائے۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ باسٹھ اور تیرسٹھ کی دفعات الفاظ کی حد تک ہیں کبھی نہیں دیکھا کہ الیکشن کمیشن نے عملی طور پر کچھ کیا ہو، الظاف حسین نے پاکستان کے بارے میں جو بیان دیاہے اس سے وہ تذبذب اور ڈپریشن کا شکار لگتے ہیں، ماضی میں بھی ان کے خیالات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں تھے، مگر اب جن بوتل سے باہر آگیا ہے، عوام جاننا چاہتی ہے کہ اب حکومت کا رد عمل کیا ہوگا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہمارا کوئی کارکن گرفتار نہیں ہوا، چودھری نثار کو غلط فہمی ہوئی ہے، ایمل کانسی کی حوالگی قومی غیرت کا سودا تھا جس کی تحقیقات ہونی چاہئیں، سیاست مصلحت کا شکار ہوجاتی ہے لیکن قانون نہیں، اس لئے جرم جرم ہوتاہے اس کی سزا ذاتی وابستگی سے بالاتر ہوکر ہونی چاہیے۔

install suchtv android app on google app store