طاہر القادری نے دہشت گردی کیخلاف چودہ نکاتی پلان پیش کر دیا

عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے دہشت گردی کے خلاف چودہ نکاتی اپنا پلان پیش کردیا۔ کہتے ہیں دہشت گردی کی جنگ کو پاکستان کی جنگ قرار دیا جائے۔

امریکا سے وڈیو لنک کے ذریعہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے طاہر القادری کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اور ان کے سرپرست پاکستان کا مسئلہ نمبر ایک ہیں۔

دہشت گردوں کے حق میں بیان دینے کی سزا عمر قید مقرر کی جائے ۔ بیرونی فنڈنگ پر پابندی اور فوجی عدالتیں قائم کی جائیں۔

دہشتگرد گروپوں اور ان کے حمایتیوں کے خاتمے کے لئے وار آن ٹیرر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاکستان کی جنگ قرار دیا جائے۔

طاہر القادری کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قانون سازی کی جائے۔ مدارس کے نصاب پر نظر ثانی کی جائے۔ دینی مدارس، جماعتوں، تنظیموں اور شخصیات کو ملنے والے غیر ملکی فنڈنگ پر پابندی عائد کی جائے اور دہشت گردی کے خلاف کام کرنے والے تمام ادارے فوج کے ماتحت کئے جائیں۔

عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے نام پر ہی نہیں ان کے کام پر بھی عملاَ پابندی عائد کی جائے اور دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لئے فوج کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے۔

اس موقعہ پر طاہر القادری نے دہشت گردی کے خلاف 21 دسمبر کو ملک گیر احتجاج کا اعلان بھی کیا۔

install suchtv android app on google app store