'پاکستانی فوجیوں کے سر سے فٹبال کھیلنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے'

'پاکستانی فوجیوں کے سر سے فٹبال کھیلنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے' فائل فوٹو

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے عزم ظاہر کیا ہے کہ جن لوگوں نے پاکستانی فوجیوں کے سر سے فٹبال کھیلی انہیں نہیں چھوڑیں گے۔

امریکا میں پاکستانی سفارتخانے میں عشائیے کے دوران دھواں دھار تقریر کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ نے تمام دہشت گرد گروپوں کے خاتمے تک انتہا پسندی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عہد کیا۔ راحیل شریف نے کہا کہ 'ان شرپسندوں، بربریت پسندوں نے ہمارے فوجیوں کے سر سے فٹبال کھیلی اور یہ منظرہمارے دماغ سے کبھی نہیں مٹ سکتا'۔ انہوں نے امریکی انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ 'شدت پسندوں کے خلاف آپریشن میں تمام دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، چاہے وہ پاکستانی فوجیوں پر حملہ کریں، افغان فوجیوں پر یا امریکی فوج پر'۔ آرمی چیف نے کہا کہ 'میں یہ بات کھل کر کہنا چاہتا ہوں کہ یہ آپریشن تمام رنگ و نسل کے دہشت گردوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت کے بغیرجاری ہے چاہے وہ حقانی نیٹ ورک ہو، تحریک طالبان پاکستان یا کوئی اور'۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی ذاتی دلچسپی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 'وہ ہمیشہ سے اس لعنت کو ختم کرنا چاہتے تھے'۔

راحیل شریف کا کہنا تھا کہ 'فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد میں شدت پسندوں کے خاتمے کے لیے پرعزم تھا، ہم نے سیاسی حکومت سے مشاورت کے بعد آپریشن شروع کیا جو کامیابی سے جاری ہے اور تمام دہشت گردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا'۔ انہوں نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 'یہ آپریشن صرف جنوبی یا شمالی وزیرستان تک محدود نہیں، پورے ملک میں جاری ہے کیونکہ فوج اور حکومت یہ جنگ جیتنے کے لیے پرعزم ہیں'۔ فوجی سربراہ نے متعدد مرتبہ امریکیوں کو یقین دہانی کرائی کہ فوج حقانی نیٹ ورک کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔ عشائیے کے موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ ' داعش جیسی تنظیم کو پاکستان اور افغانستان میں داخلے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی'۔ ان کا کہنا تھا کہ 'نئی افغان حکومت پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہاں ہے اور جلد ہی دونوں ملکوں کے تعلقات میں خوشگوار تبدیلی دیکھی جا سکے گی'۔ آرمی چیف نے کہا کہ 'امریکا کے ساتھ تعلقات بھی بہتر سمت میں گامزن ہیں اور فوجی تعلقات بہتر بنانے کے سلسلے میں میری امریکی ہم منصب سے ملاقات بہت اچھی رہی'۔

install suchtv android app on google app store