گلو بٹ کو 11 سال قید و جرمانے کی سزا سنا دی گئی

گلو بٹ فائل فوٹو گلو بٹ

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گلو بٹ کو 11 سال قید اور جرمانے کی سزا سنادی گئی۔

عدالت نے شاہد نذیر عرف گلو بٹ کو 17 جون کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دوران گاڑیوں کے شیشے توڑنے اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں 11 سال 3 ماہ قید اور ایک لاکھ 11 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ گلو بٹ کے وکیل کا کہنا ہے کہ فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں تاہم مصدقہ کاپی ملنے کے بعد ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے۔

پولیس نے گلو بٹ کو عدالت کے باہر سے حراست میں لے کر گاڑی میں بٹھادیا. جہاں سے اسے جلد جیل منتقل کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکز پر پولیس فائرنگ سے خواتین سمیت متعدد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے، اسی روز مبینہ طور پر مسلم لیگ ن کے کارکن شاہد نذیر نے پولیس کی سرپرستی میں عوامی املاک کو نقصان پہنچایا اور درجنوں گاڑیوں کے شیشے توڑے تھے۔

گرفتاری کے بعد حکمراں جماعت ن لیگ نے گلو بٹ سے لاتعلقی کا اظہار کیا جبکہ ملزم نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پی اے ٹی کے کارکنوں کی جانب سے تشدد کے بعد گاڑیوں کے شیشے توڑے، دوران سماعت گلو واقعے میں ملوث ہونے کا کبھی اقرار اور کبھی انکار بھی  کرتا رہا۔

install suchtv android app on google app store