حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں: طاہر القادری

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ حکمران کتنا ہی ظلم کرلیں لیکن ان کے دن گنے جاچکے ہیں، عوام کو بھیڑیوں سے اپنا حق چھینا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پوری دنیا میں منہاج القرآن انٹرنیشنل واحد اسلامی تنظیم ہے جسے اقوام متحدہ نے اسلامی معملات میں اپنے مشیر کا درجہ دیاہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری وفاقی دارالحکومت میں جاری انقلاب مارچ کے دھرنے سے خطاب کر رہے تھے اور انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ پوری دنیا کوآگاہ کرنے کے لئے گو نواز گو کے نعرے لگائے جائیں تاکہ دنیا کو معلوم ہو کہ یہ لاشیں گرا کر امریکہ آئیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہے ایئرپورٹ ہو یا نیویارک میں واقع اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی ہو، ہر جگہ ان کی آمد پر عوام گھروں سے نکل کر احتجاج کریں ۔

انہوں نے بتایا کہ جیل سے کئی روز بعد رہائی پانے والے کارکنان اپنے گھروں کو جانے کے بجائے انقلاب مارچ کے دھرنے میں آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کوتو دنیا کا کوئی آئین سزا نہیں دیتا لیکن موجودہ حکومت نے ڈیڑھ ماہ تک بچوں کو بھی قید رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بچوں میں بھی انقلاب کی تڑپ پیدا ہوجائے تو پھر انقلاب قوم کا مقدر بن جاتا ہے۔

انہوں نے حکمرانوں کو مخاطب کر کے کہا کہ تم چاہے جتنا ظلم و جبر کرلو لیکن تمھارے دن گنےجاچکے ہیں۔

طاہر القادری نے انکشاف کیا کہ حکومت اپنے قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران کو اپنے خلاف بغاوت سے روکنے کے لئے بے تحاشا فنڈ دے رہی ہے، نوکریوں پر سے پابندی بھی اسی لئے اٹھائی گئی ہے کہ سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب مارچ کی بدولت وفاقی حکومت نے یہ تسلیم کیا کہ رواں بجلی کے بلوں میں عوام سے ناجائز پیسے وصول کئے گئے ہیں۔

install suchtv android app on google app store