سابق فوجیوں کی جانب سے اسمبلیوں کی تحلیل کی حمایت

ریٹائرڈ وائس ایڈمریل احمد تسنیم کی سربراہی میں پاکستان کے سابق فوجیوں کی ایسوسی ایشن بھی منگل کے روز اسمبلیوں کی تحلیل کے مطالبے کے ساتھ جاری سیاسی محاذ آرائی کے میدان میں کود پڑی۔

اس نے نگران حکومت کی تشکیل، انتخابی اصلاحات کو متعارف کروانے اور نئے انتخابات کے انعقاد کے لیے ایک آزاد الیکشن کمیشن کی تقرری کا بھی مطالبہ کیا۔

ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سابق فوجیوں کی ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹیو کونسل کا ایک اجلاس راولپنڈی میں منعقد ہوا، جس میں ملک میں جاری حالیہ سیاسی صورتحال جیسے بحرانوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنما ملکی مفادات کے لیے اپنی پارٹی وابستگیوں سے بلند ہونے میں ناکام ہوچکے ہیں۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور پارلیمنٹ اپنے ادارہ جاتی افعال کی انجام دہی میں اور سنگین مسائل سے نمٹنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے، جن پر عوامی مظاہروں کے ذریعے سوال اُٹھایا جارہا ہے۔

یہ سابق فوجی افسران جو خود کو ’’سابق فوجی اسٹریٹیجسٹس‘‘ کہتے ہیں، لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج کے احکامات پر عملدرآمد میں حکومت کی ناکامی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج نے حکم دیا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ہلاکتوں پر ایک ایف آئی آر درج کی جائے۔

سابق فوجیوں نے اس کو توہین عدالت اور شہریوں کو آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی ایک مثال قرار دیا۔ انہوں نے حکومت پنجاب پر زور دیا کہ وہ عدالت کے احکامات پر عملدرآمد کے فوری احکامات جاری کرے اور یہ بھی کہا کہ ملزم سماعت کے دوران اپنی بے گناہی کا دعویٰ کرسکتا ہے۔

سابق فوجیوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے عام انتخابات کی شفافیت پر کافی شکوک و شبہات کیے جارہے تھے۔ کچھ وزراء سمیت منتخب اراکین کی نااہلی کے جاری عمل نے ان شکوک و شبہات کی تصدیق دی ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ پہل کرتے ہوئے اس بحران کو سیاسی اور آئینی انداز میں حل کرےاور طاقت کے استعمال سے گریز کرے۔

اس کے علاوہ سابق فوجیوں کی ایسوسی ایشن نے سیاسی بحران کو کم کرنے کے لیے اپنی خدمات کی بھی پیشکش کی۔ اس اجلاس میں ریٹائرڈ ایڈمرل فصیح بخاری، لیفٹننٹ جنرل (ر) نعیم اکبر، ایئر مارشل (ر) مسعود اختر، بریگیڈیئر (ر) محمد، بریگیڈیئر (ر) میاں محمود، بریگیڈیئر (ر) مسعود الحسن، بریگیڈیئر (ر) سائمن شرف اور میجر (ر) فاروق حامد خان نے شرکت کی۔

install suchtv android app on google app store