عمران خان کا لانگ مارچ کوئیک مارچ میں تبدیل ہوگا: سینیٹر پرویز رشید

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے جو کرے گا اس کے خلاف تحفظ پاکستان بل کے تحت کارروائی ہوگی۔ عمران خان کا لانگ مارچ کوئیک مارچ میں تبدیل ہوگا۔ لانگ مارچ کو سکیورٹی فراہم کریں گے۔

پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ نہ کسی دوسرے ملک میں مداخلت کرنی ہے اور نہ اپنے ملک میں مداخلت برداشت کریں گے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے ساتھ کوئی پارلیمانی طاقت نہیں پینتیس ممبران عمران خان کے ساتھ ہیں انہوں نے تین سو سات ممبران کو لانگ مارچ کے حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا۔

ان کاکہنا تھا کہ عمران خان تنہا پرواز کرنا چاہتے ہیں یہ ون ڈے ایونٹ ہوگا چودہ اگست کی رات کو آئے گا اور پندرہ اگست کی صبح واپس چلا جائے گا، تاہم اسلام آباد کی سڑکوں کی صفائی کیلئے سی ڈی اے کا کام بڑھ جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے عمران خان سے درخواست ہے کہ وہ خود بھی امن میں رہیں اور عوام کو بھی رہنے دیں۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ جس جھنڈے کی عدم موجودگی نے شیخ رشید کی نیندیں حرام کررکھی ہیں اس جھنڈے کو لہرانے کے بارے ان کی معلومات صفر ہیں۔

install suchtv android app on google app store