تحریک انصاف نے مجلس وحدت مسلمین کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دے دی

تحریک انصاف نے مجلس وحدت مسلمین کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دے دی۔ مجلس وحدت مسلمین کا لانگ مارچ کا خیر مقدم، حمایت کا اعلان کر دیا۔ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ حکومت مخالف ہر سیاسی جماعت سے رابطے کریں گے۔

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی دفتر میں مجلس کے سیکریٹری جنرل راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی اور انہیں 14 اگست کے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کے نظریات میں ہم آہنگی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہر اس جماعت کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے جو انتخابی دھاندلی کی مخالف اور انتخابی اصلاحات کی حامی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے لانگ مارچ کے حوالے سے خورشید شاہ سے رابطے کی تردید کی اور کہا لانگ مارچ سے متعلق خورشید شاہ کو کوئی یقین دھانی نہیں کرائی۔

اس حوالے سے فیصلوں کا اختیار صرف کور کمیٹی کو حاصل ہے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل راجہ ناصر عباس نے لانگ مارچ کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اگست کا مہینہ حکومت کے لیے خطرناک ہے۔

مجلس وحدت مسلمین، مسلم لیگ ق، سنی اتحاد کونسل اور عوامی تحریک بھی حکومت مخالف تحریک چلائیں  گی۔

install suchtv android app on google app store