نواز شریف خطے کے ممالک سے دو طرفہ معاشی تعلقات چاہتے ہیں: طارق فاطمی

وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی توجہ اس وقت دہشتگردی، توانائی بحران اور تعلیم پر ہے۔ نواز شریف خطے کے ممالک سے دو طرفہ معاشی تعلقات چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے واشنگٹن میں امریکی تھنک ٹینک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران سے نمٹے بغیر معیشت ترقی نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی توجہ اس وقت دہشتگردی، توانائی بحران اور تعلیم پر ہے۔ پاکستان کے وجود کو دہشتگردی سے خطرہ ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ گزشتہ 15 سالوں میں توانائی بحران کو نظر انداز کیا گیا، ایک وقت تھا جب ہم بھارت کو بجلی دینے کی بات کر رہے تھے لیکن اب بھارت سے بجلی خریدنے کی بات کر رہے ہیں۔ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے امریکا اور دیگر دوست ممالک سے رابطے میں ہیں۔

طارق فاطمی نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف خطے کے ممالک سے دوطرفہ معاشی تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان نے افغانستان کیساتھ 5 مرتبہ اعلی سطح کے مذاکرات کیے، افغانستان کیساتھ کئی معاملات پر شکوک و شبہات دور ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت حکومتیں پارلیمنٹ میں اکثریت پر بنی ہیں، سیکریٹریز خارجہ ملاقات پر بھارت کے جواب کا انتظار ہے۔ پاک بھارت سیکریٹری خارجہ مذاکرات خطے کیلئے بھی ضروری ہیں۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان اوربھارت دونوں ہی بہترتعلقات چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نوازشریف کی بھارتی وزیراعظم نریندرمودی سے ملاقات مثبت رہی، انہوں نے مزید کہا کہ واجپائی نے امن مذاکرات میں پہل کی اسلئے وزیراعظم نوازشریف بھارت میں ان سے بھی ملے۔

install suchtv android app on google app store