بلوچستان: حکومت نے 140 ڈاکٹروں کو معطل کردیا

بلوچستان حکومت نے پورے صوبے میں 140 ڈاکٹروں کو اپنے فرائض میں غفلت برتنے اور غیرحاضر رہنے پر معطل کردیا۔ صوبائی سیکریٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ کا کہنا تھا کہ صوبے بھر کے مختلف ہسپتالوں کے مزید 180 ڈاکٹروں شوکاز نوٹسز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تمام ڈاکٹرز طویل عرصے سے باربار نوٹسز جاری کرنے کے باوجود غیرحاضر رہے اوراپنے فرائض انجام دینے میں ناکام رہے جبکہ معطل کیے گئے اکثر ڈاکٹروں کو مختلف اضلاع کے دوردراز علاقوں میں تعینات کیا گیا تھا۔

عصمت اللہ کاکڑز کا کہنا تھا کہ 7 سینئرڈاکٹروں کی معطلی اور دیگر 45 کیسز سزا کے تعین اور مزید کارروائی کے لیے چیف سیکریٹری کو بھیج دیے گئے ہیں۔

بلوچستان کی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال میں صحت کے شعبے میں اربوں روپے مختص کیے جانے کے باوجود پورے صوبے میں صحت کا شعبہ تاریک تصویر پیش کررہا ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے اربوں روپے مالیت کی دواوں کی غلط خریداری کے حوالے سے شروع کی جانے والی تفتیش کے بعد صحت کا شعبہ تنقید کی ذد میں آیا تھا۔

نیب نے غبن سے تعلق کے شبہے میں صحت کے شعبے سے کئی سینیئر افسران کو گرفتار کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے سیکریٹری صحت نے رواں سال جولائی میں مخلتف ہسپتالوں کے اچانک دورے کے بعد محکمہ صحت نے قلعہ عبداللہ اور ژوب کے دونوں اضلاع میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سمیت غیر حاضر 22 ڈاکٹروں کو معطل کردیا تھا۔

install suchtv android app on google app store