گوادر: شرپسندوں کی فائرنگ سے پاک بحریہ کے 2 اہلکار شہید

بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے جیونی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پاک بحریہ کے 2 اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

جیونی کے سینئر انتظامی عہدیدار نے ذرائع کو بتایا کہ نیول اہلکار معمول کے مطابق جیونی سٹی سے افطار لے کر جارہے تھے کہ دو موٹر سائیکل پر سوار 4 مسلح افراد نے گھات لگا کر ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک نیوی اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگیا جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ شرپسندوں کی فائرنگ سے 2 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے، جبکہ زخمیوں کو کراچی منتقل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شرپسندوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے حوصلے پست نہیں ہوں گے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

ابتدائی طور پر حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔

install suchtv android app on google app store