بلوچستان میں قطری شہزادے کے قافلے پر حملہ

بلوچستان میں قطری شہزادے کے قافلے پر حملہ بلوچستان میں قطری شہزادے کے قافلے پر حملہ

بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں نامعلوم افراد نے قطری شہزادے کے قافلے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں تین سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔

لیویز حکام کے مطابق اتوار کی شام مسلح افراد نے قطری شہزادے کے قافلے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں قافلے کی حفاظت پر مامور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مجید دستی سمیت دیگر دو سیکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ضلعی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدے دار محمد یاسر نے بتایا کہ حملے میں قطری شہزادہ محفوظ رہے اور انہیں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

عہدے دار کا کہنا ہے کہ 20 مشتبہ افراد کے خلاف حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 'ملزمان میں لیویز کے بھی بعض اہلکار شامل ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں'۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ابوظبی سے نایاب پرندے تلور کے شکار کے لیے آنے والی شکاریوں کی ٹیم جس کی سربراہی شہزادہ شیخ سیف بن زاید النہیان کررہے تھے، ان کے قافلے پر بھی پنجگور کے قریب مسلح افراد نے حملہ کردیا تھا۔

اس حملے میں قافلے میں شامل دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔

اس علاقے کے تحصیل دار کا کہنا تھا کہ فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھاگنے پر مجبور ہوگئے تھے۔

کالعدم بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

install suchtv android app on google app store