قیام امن کیلئے بلوچستان کے عوام کو تمام سہولیات کی فراہمی کا عزم

نئےآرمی چیف جنرل قمر جادید باجوہ کو کوئٹہ آمد کے موقع پر صوبے کی سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی جارہی ہے نئےآرمی چیف جنرل قمر جادید باجوہ کو کوئٹہ آمد کے موقع پر صوبے کی سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی جارہی ہے

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشتگردی کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے فوج کو دہشتگردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشنز میں انٹیلی جنس اداروں اور لیویز کے ساتھ کام کرنے کی ہدایات کردیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آج کوئٹہ پہنچے اور وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یاد گار شہدا پر حاضری دی۔

بعد ازاں آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے ہیڈکوارٹر سدرن کمانڈ کا دورہ کیا، جہاں انھیں بلوچستان کی سیکیورٹی صورت حال، کمانڈ کی جانب سے آپریشنل تیاریوں اور قیام امن کے لیے صوبے میں جاری آپریشنز کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی، فرنٹئر کور، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کو صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے نمایاں اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

انھوں نے صوبے میں قیام امن کیلئے بلوچستان کے عوام کی قربانیوں کو سراہا اور ان کی ہر ممکن مدد پر زور دیا۔

سیکیورٹی کے قیام کیلئے فوج اور سول حکومت کی جانب سے متفقہ نقطہ نظر کی تعریف کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کے قیام کیلئے فوج صوبائی حکومت کو تمام ضروری سہولیات، لیویز کی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد اور تمام دور دراز علاقوں میں جاری منصوبوں کیلئے سیکیورٹی فراہم کرے گی۔

انھوں نے دہشتگردی کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے فوج کو دہشتگردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشنز میں انٹیلی جنس اداروں اور لیویز کے ساتھ کام کرنے کی ہدایات دیں۔

آرمی چیف نے ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کو صوبے میں سڑکوں کے نیٹ ورک کی تعمیر کی ہدایات بھی دیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی سیکیورٹی کیلئے فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

اس سے قبل جنرل قمر جاوید باجوہ کی کوئٹہ آمد پر سدرن کمانڈ کے کمانڈر لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض نے ان کا استقبال کیا۔

install suchtv android app on google app store