بلوچستان میں سیکیورٹی اورحکومت کی مدد میری ترجیح رہی: جنرل راحیل

پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی اور صوبائی حکومت کی مدد میری ترجیح رہی جب کہ امن واستحکام کے لیے آگے بھی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سدرن کمانڈ کوئٹہ کا الوداعی دورہ کیا اور جوانوں کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا جب کہ جنرل راحیل شریف نے دشوار گزار علاقوں میںایک ہزار کلو میٹر طویل سڑکیں بنانے پر سدرن کمانڈ کو سراہا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے سدرن کمانڈ، فرنٹیئر کور بلوچستان کے جوانوں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی اور سول حکومت کی مدد بطور آرمی چیف میری ترجیح رہی اور آگے بھی وفاقی وصوبائی حکومت کے ساتھ سیکیورٹی استحکام کے لیے کام جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام نے بیرونی امداد سے ہونے والی دہشت گردی مسترد کردی ہے اور بلوچستان کےعوام نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو پکڑنے میں مدد دی، بلوچستان میں اب فراریوں کی بڑی تعداد ہتھیار ڈال رہی ہے جب کہ دہشت گرد اور ان کے ہمدرد چھپتے پھر رہے ہیں۔

واضح رہے پاک فوج کے سربراہ نے گزشتہ روز سے اپنے الوداعی دوروں کا آغاز کردیا ہے اس دوران انہوں نے لاہور اور گوجرنوالہ گیریژن کے دورے کیے جب کہ جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت رواں ماہ 29 نومبر کو ختم ہورہی ہے۔

install suchtv android app on google app store