لورالائی: عسکریت پسندوں کے حملے میں 4 پولیس اہلکار ہلاک

ضلع لورالائی میں پولیس چوکی پر عسکریت پسندوں کے حملے میں ایس ایچ او سمیت چار اہلکار ہلاک ہوگئے۔

لیویز حکام نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ لورالائی کے علاقے میختر میں واقع پولیس چوکی پر عسکریت پسندوں نے شدید فائرنگ کی اور دستی بم سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں تھانہ راڑہ شم کے ایس ایچ او طاہر شاہ اور تین دیگر پولیس کانسٹیبل ہلاک ہوگئے جبکہ حملے کے نتیجے میں چوکی کو بھی نقصان پہنچا اور پولیس وین تباہ ہوگئی۔

عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو سیل کردیا تاہم حملہ آور فرار ہوکر قریبی پہاڑیوں میں گم ہوگئے۔

ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی لاشیں قریبی ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں جبکہ علاقے میں حالات کشیدہ ہیں۔

لیویز حکام نے بتایا کہ حملہ آوروں کی شناخت نہیں ہوسکی اور ابھی تک کسی عسکریت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

 

install suchtv android app on google app store