ڈچ کمپنی پاکستانی ڈیری سیکٹر کو مزید بہتر بنانے کیلئے پرعزم

فرائز لینڈ کیمپینا کے سی ای او روئلوف جوسٹن وزیراعظم سے ملاقات کررہے ہیں فرائز لینڈ کیمپینا کے سی ای او روئلوف جوسٹن وزیراعظم سے ملاقات کررہے ہیں

ڈیری مصنوعات بنانے والی ڈچ کمپنی فرائز لینڈ کیمپینا کے گلوبل چیف ایگزیکٹو آفیسر اور اینگرو کارپوریشن کے چیئرمین نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی جس میں ڈیری صنعت میں مزید سرمایہ کاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سلسلے میں جاری ہونے والے پریس ریلیز کے مطابق فرائزلینڈ کیمپینا کے سی ای او روئلوف جوسٹین اور اینگرو کارپوریشن کے چیئرمین حسین داؤد کی وزیراعظم سے ملاقات میں اس بات پر غور کیا گیا کہ کس طرح غذائیت سے بھرپور پروڈکٹس کی فراہمی اور معلومات کے تبادلے کے ذریعے پاکستان میں ڈیری مصنوعات کی صنعت کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر حسین داؤد اور روئلوف جوسٹن نے کہا کہ پاکستان کی ڈیری انڈسٹری کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے اور اس سیکٹر کی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ شراکت داری کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ 'معلومات اور تجربات کا یہ تبادلہ پاکستان کو بین الاقوامی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مقام بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور ساتھ ہی دیگر کمپنیوں کو بھی اس طرف راغب کرنے کا باعث بنے گا'۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ شراکت داری پاکستان کے شہریوں کو اعلیٰ کوالٹی کی ڈیری مصنوعات کی مناسب قیمتوں میں فراہمی کے لیے اہم ثابت ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ لاکھوں ڈیری فارمرز کے حالات بہتر بنانا ہمارا مقصد ہے جس پر ہم نے شروع سے ہی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس بات سے متفق ہوں کہ یہ شراکت داری ہمارے ڈیری فارمرز کے لیے طویل مدتی فوائد لے کر آئے گی۔

رائل فرائزلینڈ کیمپینا کے سی ای او روئلوف جوسٹن نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'اینگرو فوڈز کے ساتھ شراکت داری فرائزلینڈ کیمپینا کے وژن 2020 کی رفتار کو تیز کرے گی'۔

انہوں نے کہا کہ 'میں اینگرو کارپوریشن، اینگرو فوڈز اور پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پر عزم ہوں تاکہ پاکستانی عوام تک صحت بخش اور غذائیت سے بھرپور ڈیری مصنوعات پہنچائی جاسکیں'۔

اینگرو کارپوریشن کے چیئرمین حسین داؤد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ پاکستان اور اس کی ڈیری صنعت کے لیے ایک انتہائی اہم لمحہ ہے'۔ انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری کے ذریعے ہم فرائزلینڈ کیمپینا جیسے ایک ایسے ادارے کے تجربات سے فائدہ اٹھاسکیں گے جسے ڈیری انڈسٹری میں اہم مقام حاصل ہے۔

حسین داؤد کا مزید کہنا تھا کہ ہم حکومت اور فرائزلینڈ کیمپینا کے ساتھ مل کر ڈیری سیکٹر کو بہتر بنانے کا عزم رکھتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ یہ شراکت داری پاکستان کے ڈیری فارمرز ، صارفین اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے انتہائی سود مند ثابت ہوگی۔

خیال رہے کہ فرائزلینڈ کیمپینا دنیا کی بڑی ڈیری کمپنیوں میں سے ایک ہے جس کی سالانہ آمدنی 11 ارب یورو سے بھی زیادہ ہے، یہ دنیا کے 32 سے زائد ممالک میں کام کررہی ہے اور دنیا بھر میں لاکھوں صارفین تک ڈیری مصنوعات پہنچاتی ہے۔

install suchtv android app on google app store