برطانیہ میں تیار کھانوں میں دنبے کے نام پر دوسرے جانوروں کے گوشت کے استعمال کا انکشاف

برطانیہ میں دنبے کے گوشت سے بنے تیار کھانوں میں سے ایک تہائی میں دوسرے جانوروں کا گوشت استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملک میں کھانوں کے معیار پر نظر رکھنے والی تنظیم کا فوڈ اسٹینڈرڈز ایجنسی نے کہنا ہے کہ ادارے نے بازار میں دستیاب دنبے کے گوشت سے تیار کھانوں میں 145 کی جانچ کی تو پتہ چلا کہ ان میں 43 کھانے ایسے تھے جن میں دنبے کا گوشت ہی استعمال نہیں کیا گیا تھا۔ ان 43 کھانوں میں سے 25 میں گائے جبکہ دیگر میں مرغی اور دوسرے جانوروں کا گوشت استعمال کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں صارفین کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیم نے بھی لندن اور برمنگھم میں 30 ،30 کھانوں کی جانچ کی، برمنگھم میں 30 میں سے 16 جبکہ لندن 8 میں دنبے کا گوشت نہیں پایا گیا۔

ایف ایس اے نے مقامی انتظامیہ سےمطالبہ کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ سے ملک بھر میں دنبے کے گوشت سے تیار کم از کم 300 کھانوں کا تجزیہ کرے۔ اس کے علاوہ اس قسم کا کھانا بیچنے والوں کو بھی متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر ان کے کھانوں میں دنبے کے گوشت کے علاوہ کوئی اور گوشت پایا گیا تو انہیں 5 ہزار پاؤنڈ تک جرمانہ بھگتنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس یورپ کے کئی ملکوں میں دستیاب کھانوں میں گائے کے نام پر گھوڑے کے گوشت کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد برطانیہ سمیت کئی ممالک میں کھانوں کے معیار پر نظر رکھنے والے اداروں نے جانچ کے عمل کو مزید موثر بنایا تھا۔

ویب ڈیسک

install suchtv android app on google app store