پاکستانی نژاد فلم ساز کی ’مائی پیور لینڈ‘ آسکر ایوارڈ کیلئے نامزد

پاکستانی نژاد فلم ساز کی ’مائی پیور لینڈ‘ آسکر ایوارڈ کیلئے نامزد فائل فوٹو

برطانیہ نے پاکستانی نژاد فلم ساز سام مسعود کی حقیقی واقعہ پر مبنی فلم ’مائی پیور لینڈ‘ کو آسکر ایوارڈ 2018 کے لئے نامزد کردیا ہے۔

مائی پیور لینڈ کی کہانی صوبہ سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز کے ایک چھوٹے سے گاؤں کی خاتون نازو دھاریجو کی جدوجہد کے ارد گرد گھومتی ہے۔ نازو دھاریجو نے 2012 میں علاقے کے وڈیروں اور 200 سے زائد مسلح افراد سے اپنی زمین کو بچایا تھا۔ بعد ازاں ان کی بہادری اور ہمت پر پاکستانی میڈیا نے ان کی جدوجہد اور کہانی کو نمایاں جگہ دی۔

نازو دھاریجو اس وقت سماجی سرگرمیوں سمیت سیاست میں بھی متحرک ہوچکی ہیں۔ نازو دھاریجو پر بنائی گئی فلم میں مرکزی کردار صوبہ سندھ کی نوجوان اداکارہ، ماڈل و ڈانسر سہائی ابڑو نے ادا کیا ہے۔ فلم کو رواں ماہ 15 ستمبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔ مائی پیور لینڈ کی شوٹنگ پاکستان میں ہی کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ برطانوی آسکر جیوری نے اردو زبان میں بنی فلم کو آسکر کے لیے نامزد کیا ہے۔ آسکر اکیڈمی غیر ملکی زبان کی کیٹیگری میں شارٹ لسٹڈ ہونے والی فلموں کا اعلان جنوری 2018 میں کرے گی۔ جبکہ کامیاب فلموں کو 4 مارچ 2018کو ہونے والے آسکر ایوارڈ میلے میں پرائز سے نوازا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store