عامرخان کی فلم ’دنگل‘ نشر کرنے پر پیمرا کا 'اردو-ون' کو نوٹس

عامرخان کی فلم ’دنگل‘ نشر کرنے پر پیمرا کا 'اردو-ون' کو نوٹس عامرخان کی فلم ’دنگل‘ نشر کرنے پر پیمرا کا 'اردو-ون' کو نوٹس

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی انٹرٹینمنٹ چینل 'اردو ون' کو بولی وڈ اداکار عامر خان کی فلم ’دنگل‘ نشر کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

پاکستان سنسر بورڈ نے بولی وڈ اداکار عامر خان کی فلم ’دنگل‘ کی پاکستان میں نمائش پر پابندی عائد کی تھی، جس کے باوجود چینل پر فلم نشر کی گئی۔

پیمرا نے 'اردو ون' کو رواں ماہ 3 تاریخ کو ’دنگل‘ دکھانے پر جاری کیے گئے شوکاز نوٹس میں چینل پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا۔

واضح رہے کہ سنسر بورڈ نے اس فلم میں شامل کچھ مواد کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کی تھی۔

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ اس فلم میں موجود کچھ مناظر پیمرا قوانین کے خلاف تھے۔

چینل مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اس نوٹس پر اپنا جواب 7 روز میں 12 ستمبر سے قبل جمع کروائیں۔

خیال رہے کہ عامر خان کی گزشتہ سال ریلیز کی گئی فلم ’دنگل‘ کو پاکستان میں اُس وقت پابندی کا سامنا کرنا پڑا جب بولی وڈ اداکار نے فلم کے آخری سین سے ہندوستان کے قومی ترانے اور ترنگے کو ہٹانے سے انکار کیا۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان سنسر بورڈ کو اپنی فلم دکھائی تاہم وہ فلم سے ہندوستانی قومی ترانے اور ملک کے ترنگے کو نہیں ہٹائیں گے، جس کے باعث یہ فلم پاکستان کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے نہیں بھیجی جائے گی۔

واضح رہے کہ فلم ’دنگل‘ صرف ہندوستانی باکس آفس پر ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں شاندار بزنس کرنے میں کامیاب رہی تھی۔

یہ فلم مہاویر سنگھ پھوگٹ نامی پہلوان کی کہانی ہے جو اپنی بیٹیوں کو ملک کے لیے پہلوانی میں گولڈ میڈل لانے پر مجبور کرتا ہے۔

install suchtv android app on google app store