شائقین باشعور ہیں، ضروری نہیں ہر فلم باکس آفس پر کامیاب ہو، مہوش

مہوش فائل فوٹو مہوش

اداکارہ مہوش حیات نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری ہر دم کوشش میں ہے کہ اپنے شائقین کو بہترین فلمیں پیش کرے اور ایسا ہو بھی رہا ہے، ہر فلم ہٹ نہیں ہوسکتی۔

مہوش حیات نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ آجکل اپنی نئی آنے والی فلم’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں اور اس سلسلے میں مختلف چینلز پر عید شوز کی عکسبندی کروا رہی ہیں۔ فلم ’’پنجاب نہیں جاؤنگی‘‘ کی کاسٹ میں ہمایوں سعید، مہوش حیات، عروہ حسین، اظفر رحمان، سہیل احمد، احمد علی بٹ شامل ہیں۔ فلم کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ندیم بیگ کے ساتھ دوسری فلم ہے، پہلی فلم بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی، یہ فلم بھی شائقین کو خوب پسند آئے گی، ندیم کہانی میں جاندار رنگ بھرنا جانتا ہے، فلم میں نٹ کھٹ چلبلی شہری لڑکی کا کردار ادا کررہی ہوں جو کہ شہر کی زندگی کے آگے کچھ نہیں دیکھتی۔ انھوں نے کہا کہ ہمایوں سعید اور میری جوڑی کو ہمیشہ پسند کیا جاتا ہے۔ ہمارے ڈرامہ’’دل لگی‘‘ کو بھی بے حد پسند کیا گیا، امید کرتے ہیں کہ لوگ ہماری جوڑی کو سراہتے رہیں گے۔

ہوش نے کہا کہ موسیقی کا بھی باقاعدہ آغاز کیا، جس کوسراہا گیا، فلم’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ کے ٹریلر کو سوشل میڈیا پر بہترین فیڈ بیک ملا ہے، پاکستانی فلمساز، فلم انڈسٹری کے احیاء اور بقاء کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں لیکن ضروری نہیں کہ ہر فلم ہی باکس آفس پر کامیاب ہو، انہوں نے کہا کہ پاکستانی فلم بین سمجھدار ہیں ہماری فلموں کا موازنہ بھارتی اور انگریزی فلموں سے کیا جاتا ہے جو اس دوڑ میں اچھا کام کرے گا وہی لوگوں کے دل جیت پائے گا۔

یاد رہے کہ مہوش حیات کی فلم ’’پنجاب نہیں جاؤں گئی‘‘ عید پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

install suchtv android app on google app store