یلغار: ’بڑے بجٹ کی بڑی فلم‘ ریلیز ہونے کے دن قریب آگئے

فلم کی کہانی حب الوطنی، لگن اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کا احاطہ کرتی ہے۔ اب تک تیار ہونے والی فلموں میں یہ سب سے مہنگی اور بڑے بجٹ کی فلم ہے فلم کی کہانی حب الوطنی، لگن اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کا احاطہ کرتی ہے۔ اب تک تیار ہونے والی فلموں میں یہ سب سے مہنگی اور بڑے بجٹ کی فلم ہے

پاکستان میں غالباً ایک بڑی فلم ریلیز ہونے کے دن قریب آگئے۔ فلم ہے ’یلغار‘ اور موقع ہے عیدالفطر! عید کے حوالے سے اس فلم کا لوگوں کو خاصا انتظار ہے جس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ’یلغار‘ کی ٹیم اب سے کچھ سال پہلے ایک اور سپر، میگا سپر اور ڈوپرہٹ فلم ’وار‘ دے چکی ہے، جسے پاکستان کی حالیہ برسوں کی تاریخ میں ایک اہم مقام بنانے کا موقع ملا۔

اسی تاریخ کو ذہن میں رکھ کر لوگوں کو ’یلغار‘ کی ریلیز کا انتظار ہے۔

’یلغار‘ کے رائٹر، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ڈاکٹر حسن رانا ہیں۔ پچھلے دنوں کراچی میں انہوں نے میڈیا کے نمائندے سے گفتگو میں بتایا تھا کہ’’یلغار نہ صرف میری محنتوں کا ثمر ہے، بلکہ یہ میرا جذبہ ۔۔۔میرا جنون ہے۔‘‘

فلم اگلے ہفتے یعنی عید کے موقع پر ریلیز کے لئے ہی تیار نہیں بلکہ گزشتہ روز اسلام آباد میں اس کی اسپیشل اسکریننگ بھی ہوئی جس میں ڈی جی آئی ایس پی آر، میجر جنرل آصف غفور؛ سابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

شو سے پہلے ریڈ کارپٹ بھی ہوا جس کے دوران لوگوں اور میڈیا نمائندوں سے فلم یونٹ کا تبادلہ خیال بھی ہوا۔

فلم ’یلغار‘ میں ایکشن اور تھرل دونوں ہیں، جبکہ فلم کی کاسٹ میں شان شاہد، ہمایوں سعید، بلال اشرف، عدنان صدیقی، ایوب کھوسو، عطیہ خان، عائشہ عمر، ثنا بچہ، ارمینہ رانا خان، گوہر رشید، عمیر جسوال، علی رحمین اور علیزے، علی منتظر، عرفان گیلانی، ولی یوسف، نعیم حق، عالم، احمد غنی وغیرہ شامل ہیں۔

فلم میں ہمایوں سعید پہلی مرتبہ منفی کردار میں سامنے آرہے ہیں۔ ڈاکٹر حسن رانا کے بقول، ’’شوٹنگ کے دوران کرداروں اور واقعات کو حقیقت سے قریب تر دکھانے کیلئے میں نے اپنی زندگی تک داؤ پر لگائے رکھی۔ ہو سکتا ہے کہ یہ فلم کسی کو پسند نہ بھی آئے۔ لیکن، میں نے اور میری پوری ٹیم نے فلم کو اپنا خون اور پسینہ پلایا ہے۔‘‘

’یلغار‘ یہ بیک وقت دنیا کے ساٹھ ممالک میں ریلیز ہوگی۔ اس حوالے سے یہ پاکستان کی پہلی فلم ہے۔

فلم کی کہانی حب الوطنی، لگن اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کا احاطہ کرتی ہے۔ اب تک تیار ہونے والی فلموں میں یہ سب سے مہنگی اور بڑے بجٹ کی فلم ہے۔

install suchtv android app on google app store