قومیت کے بارے میں سوچے بغیر صبا قمر سےرابطہ کیا: ساکت چوہدری

پاکستانی اداکارہ صبا قمراور ہدایت کار ساکت چوہدری فائل فوٹو پاکستانی اداکارہ صبا قمراور ہدایت کار ساکت چوہدری

ویسے تو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کافی متاثر ہوئی تاہم بولی وڈ کے چند ایسے فلم ساز بھی ہیں جنہیں اب بھی اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اداکار کا تعلق کس ملک سے ہے۔

پاکستانی اداکارہ صبا قمر فلم ’ہندی میڈیم‘ کے ساتھ بولی وڈ میں ڈیبیو کرنے جارہی ہیں، اس حوالے سے ہدایت کار ساکت چوہدری نے اسکرول اِن کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ جب انہوں نے صبا قمر کو فلم میں کاسٹ کیا تو انہیں اس بات سے فرق نہیں پڑا تھا کہ وہ پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا ’ہم نے صبا قمر سے رابطہ ان کی قومیت کے بارے میں سوچے بغیر کیا تھا‘۔

ہدایت کار کے مطابق ’2016 میں فلم کی شوٹنگ کے آخری دنوں کے دوران پاکستانی فنکاروں سے ہندوستان چھوڑنے کا مطالبہ کیا گیا تھا، کیوں کہ ہماری فلم چھوٹی ہے تو ہمیں اس بات سے فرق نہیں پڑا، ہم تب تک صبا قمر کی اداکاری کے تمام حصوں کی شوٹنگ مکمل کرچکے تھے، کچھ وقت گزرا اور پاکستانی اداکاروں پر پابندی کا شور بھی کم ہوگیا، اس لیے فلم کی ریلیز کے قریب اب کوئی صبا قمر کو ٹارگٹ نہیں کر رہا‘۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ایک انٹرویو میں عرفان خان نے بھی فلم ’ہندی میڈیم‘ کی ریلیز سے متعلق کہا تھا کہ ’اب ماحول ایسا ہو چکا ہے کہ سب کچھ سوچ سمجھ کر بولنا پڑتا ہے، میں خود کو خوش نصیب سمجھتا ہوں کہ فلم کی ریلیز پر کوئی تنازع نہیں ہوا‘۔

انہوں نے صبا قمر کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کو بھی ’بہترین‘ قرار دیا۔ فلم ’ہندی میڈیم‘ کی کہانی ایسے والدین کے گرد گھومتی ہے جو اپنی بیٹی کو ایک اچھے اسکول میں داخلہ دلانے کی خاطر جدوجہد کرتے ہیں۔

فلم رواں ماہ 19 تاریخ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

install suchtv android app on google app store