سائرہ پیٹر،پاکستان کی پہلی اوپرا سنگر، نئے انداز،نئے حوصلے

سائرہ پیٹر فائل فوٹو سائرہ پیٹر

سائرہ پیٹر کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ پاکستان میں اوپرا گائیکی کا آغاز انہوں نے کیا۔ اوپرا کلاسیکی طرز پر مبنی گائیکی ہے جس کی ابتدا اٹلی سے ہوئی۔پاکستان کے صوفیائے کرام جنہوں نے اپنے کلام میں لوگوں کو امن و محبت کا درس دیا، اس کلام کو سائرہ اپنے گیتوں کے ذریعے ایک نئے انداز میں عوام تک پہنچا رہی ہیں۔

موسیقی سے شغف رکھنے والے سائرہ کے گانوں میں اس نئی جدت کو پسند کررہے ہیں جس میں سائرہ نے شاہ عبدالطیف بھٹائی کے کلام کو اوپرا میں ڈھال کر اپنی سریلی آواز سے دلوں کو چھو لیا۔

 انہوں نے اپنے تمام گیتوں کو ایک خوبصورت البم میں ترتیب دیا ہے۔ یہ البم آج پاکستان بھر میں ریلیز کیا جارہا ہے۔سائرہ نے جنگ کی نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں پاکستان کے صوفیائے کرام کا امن و محبت اور بھائی چارے کا پیغام دنیا میں عام کرنا چاہتی ہوں خاص طور پر مغربی دنیا میں۔یہی وجہ ہے کہ میں نے اس کلام کو اوپرا کی طرز پہ گایا ہے۔

صوفیا کا پیغامِ امن سارے عالم کے لئے ہے جسے سب تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔

سائرہ پیٹر نے بتایاکہ فی الوقت وہ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے کلام سے آغاز کررہی ہیں لیکن مستقبل میں وہ دیگر بزرگانِ دین کے کلام کو بھی گیتوں کی صورت میں ڈھالیں گی۔ سائرہ کوشاہ صاحب کی شاعری کی طرف راغب کرنے میں شاعر وقار حسین شاہ نے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید بتایاکہ اوپرا گائیکی میں ان کی تربیت پال نائٹ نے کی ہے۔ وہ خود بینجمن برٹش کے شاگرد رہے ہیں جنہیں مغربی دنیا میں استادغلام علی خان سے تشبیہہ دی جاتی ہے۔

بقول سائرہ ’’مجھے فخر ہے کہ ایسے سکھانے والے استاد مجھے ملے جن کی تربیت سے میری گائیکی کو پذیرائی مل رہی ہے۔

install suchtv android app on google app store