ایدھی فاؤنڈیشن کی مدد کرکے بہت خوش ہوں: بلال خان

پاکستانی گلوکار بلال خان فائل فوٹو پاکستانی گلوکار بلال خان

پاکستانی گلوکار بلال خان نے برطانیہ کے شہر لندن میں ایک کانسرٹ میں پرفارم کیا جس سے حاصل ہونے والی رقم ایدھی فاؤنڈیشن کو عطیہ کی جائے گی۔

29 سالہ بلال کا کہنا تھا کہ ’میں لندن میں کچھ کانسرٹس کرنے کے لیے موجود تھا، اس دوران مجھے ایدھی فاؤنڈیشن کے لیے فنڈ جمع کرنے کے حوالے سے ایک کانسرٹ کرنے کا موقع ملا، میرے لیے یہ بہت اہم تھا کہ میں ایدھی فاؤنڈیشن جیسی تنظیم کے لیے اپنی گلوکاری سے تھوڑا بہت بھی کچھ کرسکوں۔

گلوکار کے مطابق یہ ایک کامیاب کانسرٹ رہا، ان کا کہنا تھا ’ہم نے اس کانسرٹ میں 2000 پاؤنڈ سے زائد کمائے اور یہ تمام رقم ایدھی فاؤنڈیشن کو دی گئی‘۔

بلال نے مزید کہا ’اس کانسرٹ کے لیے ایدھی فاؤنڈیشن کی مکمل سپورٹ حاصل تھی، تنظیم کے لوگ وہاں موجود تھے اور کانسرٹ سے حاصل کی جانے والی رقم ان ہی کو دی گئی‘۔

بلال نے مزید بتایا کہ انہوں نے ماضی میں بھی ایدھی فاؤنڈیشن کے لیے کئی بار کام کیا ہے اور وہ تنظیم میں موجود لوگوں کے کام سے کافی متاثر ہیں۔

کانسرٹ کے حوالے سے گلوکار نے کہا کہ انہوں نے ڈیڑھ گھنٹے تک پرفارم کیا اور انہیں بے حد مزا آیا، ان کا ماننا ہے کہ یہ ان کی بہترین پرفارمنس میں سے ایک تھی۔

بلال نے بتایا کہ کانسرٹ میں صرف پاکستانی نہیں بلکہ ہر طرح کے لوگ موجود تھے، ان کی ایک کورین مداح نے انہیں پیغام دیا کہ کانسرٹ بہت اچھا تھا اور انہیں بےحد مزا آیا۔

اپنے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بلال نے بتایا کہ وہ 10 اگست تک لندن میں ہیں جہاں وہ کئی شوز میں پرفارم کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستانی گلوکار بلال خان نے اپنے کیرئیر میں کئی گانے گائے تاہم ان کا گانا ’بچانہ‘ ان کی وجہ شہرت بنا۔

install suchtv android app on google app store