78 فیصد سے زائد امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں: امریکن بزنس کونسل

78 فیصد سے زائد امریکی کمپنیاں پاکستان میں بہتر سکیورٹی صورتحال اور پائیدار اقتصادی فضاء کی بدولت آئندہ 12 ماہ میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔ یہ بات امریکن بزنس کونسل آف پاکستان کے سروے میں بتائی گئی۔ سروے میں ملک کی بہتر سکیورٹی صورتحال کو مثبت رجحان کی بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔

گزشتہ سال کی نسبت سکیورٹی سے متعلق امور میں 30 فیصد سے زائد نمایاں بہتری آئی ہے۔ امریکن بزنس کونسل کے 83 فیصد سرمایہ کاروں نے پاکستان میں پائیدار اقتصادی ماحول اور سازگار فضاءپر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

امریکن بزنس کونسل کے ارکان نے مختلف معاشی ریگولیٹری اور سیاسی عوامل پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا جو مالی سال 2015-16ءکی تجارتی ترقی اور کارکردگی سے ظاہر ہوتی ہے جس میں تجارتی ماحول کے مختلف عوامل شامل ہیں جو تجارت کے تسلسل، مسابقتی پالیسیوں، سرکاری ترقیاتی بجٹ، ملک کی مارکیٹ، داخلی و خارجی سیاسی فضاء اور امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث ہے۔

سروے میں سال 2015-16ء میں زیادہ تر لوگوں نے پاکستان کے تجارتی ماحول کو اطمینان بخش قرار دیا۔ امریکی سرمایہ کاروں کے مجموعی مثبت تاثر میں پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے اعتماد کا اظہار کیا گیا اور معاشی صورتحال کو بہتر قرار دیا گیا ہے۔

سروے کے شرکاءسے مختلف وزارتوں کی کارکردگی کے حوالے سے سوال کیا گیا جنہوں نے کہا کہ اس میں بہتری آئی ہے۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ 78 فیصد شرکاءنے اس کی کارکردگی کو بہتر اور 16 فیصد نے کمزور قرار دیا۔

2014-15ءمیں صرف 46 فیصد شرکاء نے اس کی کارکردگی کو بہتر قرار دیا تھا اور 51 فیصد نے کمزور قرار دیا تھا۔ امریکن بزنس کونسل پاکستان میں سرمایہ کاروں کا سب سے بڑا گروپ ہے جس کے 67 ارکان ہیں جن میں سے زیادہ تر فارچون 500 کمپنیوں کے نمائندے ہیں جو مختلف شعبوں میں کام کرتی ہیں جن میں صحت، مالیاتی سروسز، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، کیمیکلز، کھاد، توانائی، کنزیومر گڈز، فوڈ اینڈ بیوریجز، آئل اور دیگر شعبے شامل ہیں۔

امریکن بزنس کونسل کے مجموعی محصولات چار ارب ڈالر ہیں۔ بالواسطہ اور بلاواسطہ ٹیکسوں کے ذریعے قومی خزانے میں ان کا کردار تقریباً 102 ارب روپے ہے۔ کونسل کے ارکان نے 2015ءکے دوران 6.6 ارب روپے کی اشیاءبرآمد کیں۔

install suchtv android app on google app store