خسارے کے شکار اداروں کو بہتر کریں گے : اسحاق ڈار

وزیر خزانہ اسحق ڈار فائل فوٹو وزیر خزانہ اسحق ڈار

 عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے 2013 کے بیل آؤٹ پیکج پر نظر ثانی کے بعد 49 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز قرض کی منظوری دے دی جس کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کا بورڈ دے گا۔

غیر ملکی خر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق قرض کی منظور شدہ رقم ادا کیے جانے کے بعد آئی ایم ایف کے ذمہ تین سال طے پانے والے معاہدے کے تحت 6 اعشاریہ 7 ارب ڈالر قرضے کی رقم میں سے ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر  رہ جائیں گے۔

کامیاب مذاکرات کے بعد آئی ایم ایف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی اور آئی ایم ایف حکام کے درمیان تعمیری مذاکرات کے بعد پاکستان کو ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی (ای ایف ایف) کے تحت دیے جانے والے قرض کی رقم منظور کرلی گئی ہے۔

’خسارے میں چلنے والے اداروں کو بہتری کی طرف لے جائیں گے‘

دبئی میں آئی ایم ایف کے حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان دبئی میں مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں اور پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض کی اگلی قسط کے لیے اتفاق ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں چیلنجز کے باوجود پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، وقت سے پہلے معاشی اہداف حاصل کررہے ہیں افراط زر کی شرح گزشتہ 12 سال کی کم ترین سطح پر ہے، مجموعی قومی پیداوار 5 فیصد تک لے جانے کے لیے کام کررہے ہیں اور ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کئی سال سے اربوں روپے کا نقصان کررہی ہے، سرکاری شعبے میں بہتری کے لیے اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور ہم خسارے میں چلنے والے اداروں کو بہتری کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ کچھ لوگوں نے نجکاری پر غلط فہمیاں پھیلائیں، مفاد پرستوں نے پی آئی اے کے مسائل پر گمراہ کیا اور غلط معلومات پھیلا کر اسے ہوا دی جارہی ہے، پی آئی اے کے لوگوں کو غلط طریقے سے استعمال کیا گیا، واضح کیا تھا کہ کسی بھی ملازم کو نہیں نکالیں گے جبکہ پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے جو بے چینی پھیلائی گئی اس میں سیاسی ہاتھ ملوث ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ غلط ہے کہ ٹیکس حکومت کی جیب میں جاتا ہے عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ خسارے میں چلنے والے اداروں پر ضائع ہورہا ہے جبکہ دو تہائی حصہ صوبوں کو مل رہا ہے۔

پاک ۔ چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ راہداری خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی اور منصوبے سے ملک کی معیشت میں اضافہ ہوگا۔

install suchtv android app on google app store