بلیک بیری کا پاکستان میں آپریشن ختم کرنے کا اعلان

بلیک بیری بلیک بیری

اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی بلیک بیری نے 30 نومبر کے بعد سے پاکستان میں اپنا آپریشن بند کرنے کا اعلان کردیا۔

کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) مارٹی بیئرڈ نے اپنے بیان میں اس کی تصدیق کی۔

بلیک بیری کی آفیشل ویب سائٹ پر شائع ہونے والے بیان کے مطابق کمپنی اس مارکیٹ (پاکستان) سے بے دخل ہورہی ہے، کیونکہ پاکستان میں ہماری موجودگی، ہمارے صارفین کی رازداری کے تحفظ سے ہماری وابستگی پر اعتراض پیدا کرسکتی ہے۔

سی او او کے مطابق، "جولائی میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک کے موبائل فون آپریٹرز کو مطلع کیا کہ بلیک بیری کے بی ای ایس سرورز کو سیکیورٹی خدشات کی بنا پر دسمبر سے ملک میں آپریٹ نہیں کرنے دیا جائے گا۔"

ان کا مزید کہنا تھا، "پاکستان کی جانب سے ملک میں ہمارے صارفین کے کمیونیکشین ڈیٹا تک مکمل رسائی کے مطالبے نے ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں چھوڑا کہ ہم مکمل طور پر یہاں سے چلے جائیں۔"

مارٹی بیئرڈ کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت ملک میں بلیک بیری انٹرپرائز سروس (بی ای ایس) کے تمام ٹریفک کی نگرانی کرنا چاہتی تھی،جس میں ای میلز اور بلیک بیری میسنجر میسجز بھی شامل تھے۔

سی او او نے بیان میں کہا، "پاکستان کا مطالبہ پبلک سیفٹی کا سوال نہیں تھا، ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مجرمانہ سرگرمیوں کی تحقیقات میں تعاون کرنے پر خوشی محسوس کرتے لیکن پاکستان کی جانب سے ہمارے تمام بی ای ایس سرورز اور صارفین کی مکمل معلومات تک رسائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔"

'بولو بھی' کی ڈائریکٹر اور ڈیجیٹل رائٹس ایکٹوسٹ فریحہ عزیز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان میں صورتحال خراب تر ہوتی جارہی ہے اور وہ کمپنیز جن کے لیے ڈیٹا کی پرائیویسی اور بات چیت کی حفاظت سب سے اہم ہے، یہاں اپنی موجودگی برقرار رکھنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلیک بیری کے اس اقدام سے دیگر کمپنیاں بھی پاکستانی حکومت کی تعمیل کے سلسلے میں سول سوسائٹی آرگنائزیشن کے ریڈار پر آگئی ہیں۔ انھوں نے سوال کیا، " حقوق پہلے یا بزنس؟"

یاد رہے کہ جولائی میں پی ٹی اے نے اپنے نوٹی فیکیشن میں کہا تھا کہ " سیکیورٹی ایجنسیز کی جانب سے تحفظات کے اظہارکے باعث موبی لنک، یوفون اور ٹیلی نار سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اپنے بی ای ایس صارفین کو 30 نومبر 2015 سے ان کے کنکشنز کی بندش کے حوالے سے 90 دن کا نوٹس دے دیں"۔

سیکیورٹی خدشات کی بنا پر بلیک بیری سروس کی معطلی کا پہلا نوٹس رواں برس کے آغاز میں جاری کیا گیا تھا۔

تاہم پی ٹی اے نے اپنے بیان میں واضح کیا تھا کہ میسنجر اور بلیک بیری انٹرنیٹ سروسز (بی آئی ایس) جیسی بلیک بیری سروسز جاری رہیں گی۔

پاکستان میں بلیک بیری کے 4 سے 5 ہزار صارفین موجود ہیں۔

install suchtv android app on google app store