پی آئی اے نئے چیئرمین کی تعیناتی

پی آئی اے نئے چیئرمین کی تعیناتی فائل فوٹو

ایوی ایشن ڈویژن نے نصیر این ایس جعفر کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے) کا چیئرمین مقرر کردیا ہے۔

ایوی ایشن ڈویژن کے ایک ترجمان نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف کی منظوری کے بعد اس تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں نصیر جعفر نے کہا ہے کہ وہ قومی فضائی کمپنی کی ذمہ داری سونپے جانے پر شکرگزار ہیں اور وہ پی آئی اے کو عملی کاروباری حکمت عملی کے ذریعے منافع بخش اور کارآمد ادارے میں تبدیل کردیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نئے چیئرمین اپنے عہدے پر کوئی تنخواہ یا مراعات نہیں لیں گے جبکہ وہ اپنا وقت اور تجربہ پی آئی اے کی کامیابی کے لیے صرف کریں گے۔

نصیر جعفر کے مطابق پی آئی اے ہمیشہ سے پاکستانی عوام اور فضائی کمپنی کے عملے کے لیے فخر اور نیک نامی کا باعث رہی ہے، یہ ہمارے قومی ورثے اور مستقبل کے لیے قومی وژن کا حصہ ہے، مجھے یقین ہے کہ میں اسے عظیم فضائی کمپنی کی ترقی میں اضافہ کرسکوں گا۔

نصیر جعفر تین جولائی 2013 سے یکم اگست 2013 تک پی آئی اے بورڈ کا حصہ رہ چکے ہیں اور اس وقت وہ پی آئی اے بورڈ کی انفارمیشن ٹیکنالوجی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین اور پی آئی بورڈ کی آڈٹ کمیٹی و فلیٹ منیجمنٹ کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔

انہوں نے کیلیفورنیا پولی ٹیکنیک اسٹیٹ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی جبکہ جعفر گروپ آف کمپنیز کے سی ای او کی حیثیت سے زبردست کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے۔

 

 

 

install suchtv android app on google app store