دس یورو کا نیا کرنسی نوٹ منگل سے گردش میں

یورپی مالیاتی اتحاد میں شامل ملکوں میں منگل 23 ستمبر سے دس یورو کا نیا کرنسی نوٹ گردش کرنا شروع کر دے گا اور جرمنی سمیت یورو زون کی تمام رکن ریاستوں میں صارفین ان نئے نوٹوں کو نقد ادائیگیوں کے لیے استعمال کر سکیں گے۔

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں قائم یورپی مرکزی بینک ECB کے مطابق اس نے مختلف مالیت کے تمام یورو کرنسی نوٹوں کو آہستہ آہستہ بدلنے کا پروگرام بنایا ہے۔ اس عمل کی ابتدا کرتے ہوئے گزشتہ برس تب تک رائج پانچ یورو مالیت کے تمام نوٹ تبدیل کر دیے گئے تھے۔ اب دس یورو کے کرنسی نوٹ تبدیل کیے جا رہے ہیں اور اگلی باری بیس یورو کے نوٹوں کی ہو گی۔

یورپی سینٹرل بینک کے مطابق تمام یورو کرنسی نوٹ اس لیے بتدریج تبدیل کیے جا رہے ہیں کہ انہیں جعلسازی کے خلاف زیادہ سے زیادہ محفوظ بنایا جا سکے۔ یورپی مشترکہ کرنسی صرف یورو زون میں ہی استعمال نہیں ہوتی بلکہ رکن ملکوں میں سے کئی ایک کے زیر انتظام متعدد نوآبادیاتی، حفاظتی اور دیگر اقسام کے انتظامی علاقوں میں بھی یہی کرنسی رائج ہے۔

پانچ یورو سے لے کر پانچ سو یورو تک کے جو کرنسی نوٹ شروع میں متعارف کرائے گئے تھے، ان میں جعلی نوٹ تیار کرنے والے جرائم پیشہ گروپوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کی غرض سے بہت سی ایسی خصوصیات شامل کی گئی تھیں، جن کے باعث جعلی یورو نوٹ تیار کرنا بہت مشکل تھا۔

اب نئے کرنسی نوٹوں پر پہلے سے موجود ہولوگرام اور واٹر مارک جیسی خصوصیات کے ساتھ ساتھ کئی اضافی خصوصیات بھی موجود ہیں اور نئے نوٹوں کی نقل تیار کرنا اور بھی مشکل بنا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ماضی میں چھاپے گئے نوٹوں پر اگر اس کرنسی کے جاری کرنے والے ادارے کے طور پر یورپی مرکزی بینک کے نام کا مخفف ECB پانچ زبانوں میں لکھا ہوتا تھا تو اب ان زبانوں کی تعداد نو ہو گئی ہے۔

ای سی بی کے مطابق منگل 23 ستمبر سے اپنے اجراء کے بعد دس یورو کے نئے کرنسی نوٹ شروع میں تو اسی مالیت کے پرانے نوٹوں کے ساتھ کئی مہینوں تک گردش میں رہیں گے لیکن پھر رکن ریاستوں کے قومی مرکزی بینکوں کی مدد سے پرانے نوٹوں کی گردش بتدریج روک دی جائے گی۔ مستقبل میں یورو کے جو دیگر کرنسی نوٹ بھی بالترتیب تبدیل کر دیے جائیں گے، وہ بیس، پچاس، سو، دو سو اور پانچ سو یورو کے کرنسی نوٹ ہوں گے۔

یورو کرنسی نوٹوں کی تبدیلی اور نئے نوٹوں کا اجراء تمام رکن ملکوں میں انتظامی حوالے سے اس لیے ایک بہت ہی پیچیدہ اور انتہائی مہنگا عمل ہوتا ہے کہ یوں ان تمام آٹومیٹک اور کمپیوٹرائزڈ مشینوں کو بھی سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر کی حد تک اپ ڈیٹ کرنا لازمی ہو جاتا ہے، جن کے ذریعے ایسے نوٹوں کو استعمال کرتے ہوئے صارفین ادائیگیاں کرتے ہیں، مثال کے طور پر بینکوں کی کیش مشینیں، سگریٹ مشینیں، ریلوے کی ٹکٹ مشینیں اور اسی طرح کے بہت سے دوسرے الیکٹرانک پےمنٹ سسٹم، جن سب کا اس قابل بنایا جانا ضروری ہو جاتا ہے کہ وہ نئے کرنسی نوٹوں کو ادائیگیوں کے قانونی ذریعے کے طور پر شناخت کر سکیں۔

install suchtv android app on google app store